سول، 5مئی (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کوریا میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (کووڈ۔19) انفیکشن کے صرف تین نئے معاملے درج کئے گئے ہیں اور اس کے ساتھ ہی ملک میں متاثرین کی تعداد بڑھ کر 10804ہوگئی ہے ۔ متاثرین کے نئے معاملات میں ایک بھی معاملہ مقامی نہیں ہے ۔وزارت صحت کے بیماری کنٹرول اور روک تھام مرکز (کے سی ڈی سی) نے منگل کو بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 66 مریضوں کو مکمل طورپر ٹھیک ہونے کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے ۔ پورے ملک میں اب تک 9283لوگ کورونا سے مکمل طورپر ٹھیک ہوچکے ہیں اور علاج کے بعد انہیں اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے ۔گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران اس وبا سے دو لوگوں کی موت ہونے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 254ہوگئی ہے ۔