سیئول۔ 30 اگست (یو این آئی) جنوبی کوریا میں ہولوگرافک پولیس کی تعیناتی کے تجربے کا مثبت نتیجہ برآمد ہوا ہے ، شہریوں کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے جرائم کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا میں جرائم کی روک تھام کے لیے دل چسپ تکنیکی اقدام کا مثبت نتیجہ نکلا ہے ، جس کے تحت بے جان پولیس افسران تعینات کیے گئے ۔ سیئول کے پارک میں ایک لائف سائز تھری ڈی ہولوگرام پولیس اہلکار نصب کیا گیا ہے جو شام 7بجے سے رات 10 بجے تک فعال رہتا ہے ، یہ اہلکار سیاحوں کو پیغام دیتا ہے کہ تشدد یا ہنگامی صورت میں پولیس فوری کارروائی کرے گی اور یہاں ہر جگہ سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں۔ یہ ایک تھری ڈی ہولوگرام ہے جو شہریوں کو ذہنی اطمینان فراہم کرنے اور بدنظمی کی روک تھام کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے ، یہ ہولوگرافک پولیس نظام دراصل ‘‘اسمارٹ پولیسنگ’’ کی جدید مثال ہے ۔ اس میں ٹیکنالوجی کے ذریعہ پولیس کی بغیر حقیقی موجودگی کے بھی عوام میں تحفظ کا احساس پیدا کیا گیا ہے ۔ دل چسپ امر یہ ہے کہ یہ ‘حقیقی پولیس اہلکار’ نہ ہونے کے باوجود جرائم روکنے میں کردار ادا کر رہا ہے ، اور اسے آبادی والے علاقوں کے قریب کھڑا کیا گیا ہے تاکہ شہریوں میں تحفظ کا احساس اجاگر کیا جا سکے ۔