سیؤل: جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول کے دفتر نے جمعرات کو اعلان کیا کہ وہ 21۔26 اکتوبر کو سعودی عرب اور قطر کے سرکاری دورہ پر ہوں گے اور تجارتی تعاون اور اسرائیل۔فلسطین تنازعہ سے متعلق سکیورٹی حالات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ یون کے قومی سلامتی کے نائب مشیر کم توہیو نے ایک بریفنگ میں بتایا کہ تنازعات سے شہریوں کی ہلاکتوں میں تیزی سے اضافہ پر جنوبی کوریا کو شدید تحفظات ہیں اور وہ مکمل طور پر انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کرے گا۔کم نے کہا کہ یون سعودی عرب اور قطر کے ساتھ تعاون پر بھی بات کریں گے جو خطے میں امن قائم کرنے اور جنوبی کوریا کی قومی سلامتی کو فروغ دینے پر مرکوز ہے۔ کم نے کہا کہ ہفتہ کو ریاض پہنچنے کے بعد جو جنوبی کوریا کے رہنما کا پہلا سرکاری دورہ کیا ہوگا، یون اتوار کو سعودی ولیعہد محمد بن سلمان سے مذاکرات اور ایک ظہرانے میں شرکت کریں گے۔
یہ ملاقات ایک سال سے بھی کم وقت کے بعد ہوئی جب ولیعہد نے جنوبی کوریا کا دورہ کیا اور توانائی، دفاع اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا اور کوریائی فرموں کے ساتھ 30 بلین ڈالر سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کئے۔