جنوبی ہند میں آسٹریلیا کا دوسرا سفارت خانہ قائم

   

کرناٹک اور تلنگانہ کو مربوط کرنے کا فیصلہ ، ملک میں تاحال پانچ دفاتر کا قیام
حیدرآباد۔12جولائی (سیاست نیوز) جنوبی ہند میں آسٹریلیاء نے اپنا دوسرا سفارتی دفتر قائم کردیا ہے ۔ بنگلورو میں قائم کئے گئے قونصل خانہ کو کرناٹک کے ساتھ تلنگانہ کو بھی مربوط کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ جنوبی ہند میں اب تک آسٹریلیاء کا محض ایک قونصل خانہ یا ڈپٹی ہائی کمشنر کا آفس ہوا کرتا تھا جو کہ چینائی میں تھا اور جنوبی ہند کی تمام ریاستوں کا انحصار اسی ایک قونصل خانہ پر تھا لیکن اب دوسرا قونصل خانہ قائم کئے جانے کے بعد یہ قونصل خانہ کرناٹک اور تلنگانہ کے امور کا احاطہ کرے گا جبکہ چینائی سے مربوط دیگر ریاستیں جوں کی توں برقرار رہیں گی۔ آسٹریلیاء کے ملک میں جملہ 5 سفارتی مراکز ہوچکے ہیں جن میں نئی دہلی میں آسٹریلیائی ہائی کمشنر کے علاوہ ممبئی کولکتہ اور چینائی میں قائم ڈپٹی ہائی کمشنر یا قونصل خانہ شامل ہیں ۔بنگلورو میں قائم کئے گئے آسٹریلیائی قونصل خانہ میں قونصل جنرل کے عہدہ پر میک گیاچی کو ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔مسز ہیلاری میک گیاچی جو سابق میں ہندستان کے علاوہ جرمنی میں خدمات تجارتی امور کی سفارتی عہدیدار کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں انہیں بنگلورو میں قائم کئے گئے نئے قونصل خانہ میں قونصل جنرل کے عہدہ کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ چینائی میں موجود قونصل خانہ تمل ناڈو ‘ آندھرا پردیش اور کیرالہ کے امور کے علاوہ مرکزی زیر انتظام علاقوں انڈمان و نکوبار آئی لینڈ‘ لکشدیپ‘ اور پڈی چیری کے امور کا نگران ہوگا۔بنگلورو میں آسٹریلیائی قونصل خانہ کے قیام کو وزارت خارجہ کی جانب سے دونوں ہند۔آسٹریلیاء تعلقات میں زبردست استحکام کی علامت قرار دیا جا رہاہے اور آسٹریلیائی حکام نے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی مراکز کے قیام کو تعلقات میں نئی پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہندستان میں آسٹریلیاء نے اپنا 5واں سفارتی مرکز بنگلورو میں قائم کیا ہے جو کہ دو ریاستوں کے امور کی نگرانی کرے گا۔م