حیدرآباد 6جون(سیاست نیوز) جنوبی ہند بشمول تلنگانہ میں مانسون کی وقت پر آمد متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔بحیرۂ عرب میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے مانسون پر منفی اثرات کا خدشہ ہے اور مانسون کی پیش قیاسی نہیں کی جا رہی ہے۔محکمہ موسمیات کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ بحیرۂ عرب میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب مانسون کی پیش قیاسی دشوار ہونے لگی ہے۔بتایاجاتا ہے کہ تیز ہواؤں سے کیرالا میں بادل رخ تبدیل کرنے لگے ہیں اور یہ سلسلہ ہوا کے دباؤ میں کمی بند ہونے تک جاری رہے گا۔ ماہرین کے مطابق جنوبی ریاست بالخصوص کیرالا میں جہاں مانسون کی آمد متوقع تھی بادل رخ تبدیل کرنے لگے ہیں اور آئندہ 24 گھنٹوں میں طوفان باد و باراں کے باعث مانسون کی آمد کے امکانات موہوم ہیں۔ ہوا کے دباؤ میں کمی کا سلسلہ اگر آئندہ 48 گھنٹوں تک جاری رہا اور یہ ہوائیں خلیج بنگال کا رخ کرتی ہیں تو مانسون کی آمد میں مزید تاخیر ممکن ہے اور آئندہ 72گھنٹوں میں موسمی تبدیلیوں کا سلسلہ جاری رہیگا ۔ بیشتر علاقوں میں گرمی برقرار رہے گی۔م