جنوبی ہند کی فلموں کا سب سے بڑا ٹکراؤ متوقع

   

چینئی ۔ جنوبی ہند کی فلموں کا جنون ہر طرف نظر آرہا ہے۔ وجے سیتھوپتی کی ودوتھلائی تامل سنیما کے مقبول ترین سیکوئلز میں سے ایک ہے۔ ہدایت کار وتریمارن کی ہدایت کاری میں بنی اس فلم کے پہلے حصے کی سبھی نے تعریف کی۔ فلم کو اس کے تصورکے لیے بھی کافی سراہا گیا۔ اب پہلے حصے کی شاندار کامیابی کے بعد شائقین اس کے سیکوئل کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ دریں اثنا، خبریں سامنے آئی ہیں کہ ایکشن تھرلر فلم ودوتھلائی 2کے بنانے والے اسے جلد ہی ریلیز کرنے کا ارادہ کر رہے ہیں۔ فلم ناقد اموتھا بھارتی کی رپورٹ کے مطابق ودوتھلائی 2 کے بنانے والے فلم کو دیوالی 2024 پر ریلیز کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ منصوبہ اپنے آخری مرحلے میں ہے اور فلم کے اہم حصوں کی شوٹنگ بھی مکمل کی جا رہی ہے۔ اگر یہ خبر سچ ثابت ہوئی تو ساؤتھ سینما کی فلموں کے درمیان بڑا ٹکراؤ ہو سکتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ دیوالی کے موقع پر میگا اسٹار رجنی کانت کی سب سے زیادہ انتظارکی جانے والی فلم کا ٹکراؤ جونیئر این ٹی آرکے پیریڈ ڈرامہ دیورا: پارٹ 1 سے ہونے جا رہا ہے۔ اگر وجے سیتھوپتی کی فلم بھی دیوالی پر ریلیز ہوتی ہے تو یہ ساؤتھ سنیما کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹکراؤ ثابت ہوسکتا ہے۔ تاہم دیورا: پارٹ 1کی ریلیز کا ابھی منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ وجے، رجنی کانت اور جونیئر این ٹی آر سبھی ساؤتھ کے بڑے ستارے ہیں۔ تینوں کے مداحوں کی تعداد کافی شاندار ہے۔ یہ مقابلہ کسی کے لیے آسان نہیں ہوگا۔ اگر ودوتھلائی 2 کی کہانی کی بات کریں تو یہ وہیں سے شروع ہوگی جہاں سے پہلا حصہ ختم ہوا تھا۔ فلم میں وجے سیتھوپتی کا کردار پیرومل وتھیار باغی کمانڈر کیسے بنا؟ اس کو دوسرے حصے میں گہرائی میں دکھایا جائے گا۔