حیدرآباد۔11جون (یو این آئی) جنوب مغربی مانسون آندھراپردیش میں داخل ہوگیاہے ۔ تروپتی ضلع کے سری ہری کوٹہ کے علاقوں میں اس کی توسیع ہورہی ہے ۔ امراوتی کے محکمہ موسمیات نے کہا کہ فی الحال مانسون شمالی ساحلی سری ہری کوٹہ، کرناٹک، ٹاملناڈو دھرماپوری، رتناگری، شیموگہ، ہاسن اور دیگر علاقوں پر مرکوز ہے ۔ محکمہ نے واضح کیا کہ کرناٹک ، ٹاملناڈو، مہاراشٹرا، آندھراپردیش کے مزید علاقوں میں اس کی توسیع کیلئے حالات سازگار ہیں۔ آئندہ 48گھنٹوں میں شمال مشرقی ریاستوں و مغربی بنگال، سکم و بہار کے بقیہ حصوں میں اس کی توسیع کے امکانات ہیں۔ محکمہ نے کہا کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں جنوب مغربی مانسون کے زیراثر تلنگانہ کے بعض حصوں میں بارش کا امکان ہے ۔ جنوب مغربی مانسون کی کرناٹک، پوڈوچیری ، ٹاملناڈو ؤ آندھراپردیش کے دیگر علاقوں میں توسیع ہوئی ہے ۔ اس کے زیراثر کل کھمم، کتہ گوڑم، عادل آباد، کمرم بھیم آصف آباد، منچریال، نرمل، کریم نگر، پداپلی، سرسلہ میں ژالہ باری کا امکان ہے ۔