جنوب مغربی کیلیفورنیا میں شدید طوفان کی وارننگ

   

لاس اینجلس، 15 اکتوبر (یو این آئی) امریکہ کے جنوبی مغربی کیلیفورنیا کے بڑے حصے میں منگل کے روز ایک شدید طوفان آیا، جس کے باعث علاقے میں موسلا دھار بارش، اچانک سیلاب اور ملبہ بہنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے ۔ امریکہ کے محکمہ موسمیات نے لاس اینجلس کاؤنٹی اور آس پاس کے علاقوں میں شدید طوفان کی وارننگ جاری کی ہے ۔ ایجنسی نے حالیہ جنگلاتی آگ کے بعد بچے ہوئے ملبے کے بہاؤ کے خطرے اور اچانک سیلاب کی وارننگ بھی جاری کی ہے ۔ لاس اینجلس فائر ڈیپارٹمنٹ کی ترجمان مارگریٹ اسٹیورٹ نے پیر کے روز ایک پریس ریلیز میں کہا کہ طوفان کے خطرے کے پیش نظر آگ سے متاثرہ علاقوں کے لیے پیر کی رات 10 بجے سے بدھ کی صبح 6 بجے تک انخلاء کی وارننگ جاری کی گئی تھی۔ لاس اینجلس کی میئر، کیرن باس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر کہا کہ شہر کے اہلکار موسمی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے دور رہنے اور پہاڑی علاقوں میں ممکنہ ملبہ بہاؤ سے محتاط رہنے کی اپیل کی۔