ریاست میں قومی اوسط سے زائد کورونا پازیٹیو کسیس ‘ مجموعی تعداد 1,388 ‘ 42 نئے کسیس کی شناخت ‘ جی ایچ ایم سی کے 32 شامل
حیدرآباد ۔ 17؍ مئی ( سیاست ڈاٹ کام) تلنگانہ میں کورونا وائرس کے مزید معائنہ نہ کئے جانے اور کئے گئے معائنوں کے بارے میں باضابطہ معلومات جاری نہ کرنے کے ضمن میں ریاستی ہائیکورٹ کی طرف کئے گئے سوالات پر تلنگانہ کے محکمہ صحت نے کوویڈ ۔ 19 کے معائنوں کی تعداد جاری کی ہے ۔ ریاستی محکمہ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ریاست میں 14 ؍ مئی تک 22,842 کوویڈ معائنہ کئے چکے ہیں جن کے منجملہ 1,388 مثبت پائے گئے ہیں۔ تفصیلات سے یہ انکشاف ہوا ہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس پازیٹیو پائے جانے والوں کا قومی اوسط 4 فیصد ہے جبکہ تلنگانہ میں کوویڈ پازیٹیو کسیس کی تعداد قومی اوسط سے زائد رہی ہے ۔ تاہم مہاراشٹرا اور گجرات میں کوویڈ پازیٹیو کسیس کی سب سے زیادہ تعداد ہے اور وہاں کورونا کسیس مثبت پائے جانے کی شرح بالترتیب 11.2 اور 7.6 ہے ۔ اس دوران آندھراپردیش میں کئے گئے کوویڈ معائنوں کی تعداد تلنگانہ سے کہیں زیادہ رہی ۔ لیکن اس کا بہتر یہ رہا کہ آندھراپردیش میں کورونا پازیٹیو کسیس کی شرح صرف 1.1 فیصد رہی ۔ پڑوسی ریاست میں 14 ؍ مئی تک 2.01 لاکھ معائنے کئے گئے جن میں صرف 2,137 افراد کے معائنے پازیٹیو پائے گئے ۔ تلنگانہ کے محکمہ صحت قبل ازیں 28 اپریل کو کوویڈ ۔ 19 معائنوں کی مجموعی تعداد جاری کی تھی جس کے مطابق ریاست میں 18,894 معائنے کئے گئے تھے ۔ تلنگانہ میں خاطر خواہ معائنے نہ کرنے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ریاستی وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے کہا کہ تلنگانہ میں کوئی ضروری معائنے نہیں کئے جا رہے ہیں ۔ اسی دوران تلنگانہ میں اتوار کوکورونا وائرس کے مزید 42 پازیٹیو کسیس کی شناخت ہوئی ہے ‘ جس میں 37 کا تعلق جی ایچ ایم سی حدود کے مختلف علاقوں سے ہے ۔ تین مائیگرینٹ ورکرس اور ماباقی کا تعلق ضلع رنگاریڈی سے ہے ۔ نئے کسیس کی شناخت کے بعد ریاست میں کوویڈ ۔ 19 سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1,551 ہوگئی ہے ۔ تاحال 34 افراد فوت ہوئے ہیں ۔ کورونا کے 21 مریضوں کو صحتیابی کے بعد آج دواخانوں سے ڈسچارج کر دیا گیا ۔ ریاست میں اس خوفناک وباء سے متاثر ہونے کے باوجود تا حال 922 مریض مکمل طور پر صحتیاب ہوچکے ہیں ۔ فی الحال 525 مریض دواخانوں میں زیر علاج ہیں ۔ مزید عائد پابندی اٹھائے جانے کے بعد تلنگانہ واپس ہونے والے مائیگرینٹ ورکرس کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں ۔