جنوری سے کورونا ٹیکہ اندازی کی بڑے پیمانہ پر تیاریاں

   

Ferty9 Clinic

10 ہزار مراکز کا قیام، ایک دن میں 10 لاکھ ٹیکہ اندازی کا نشانہ

حیدرآباد۔ تلنگانہ حکومت نے جنوری سے کورونا ویکسین کی ٹیکہ اندازی کے سلسلہ میں بڑے پیمانے پر تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ روزانہ کم از کم 10 لاکھ افراد کو کورونا ویکسین دیئے جانے کا منصوبہ ہے۔ محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ 3 لاکھ ہیلت ورکرس میں سے تاحال 2.87 لاکھ ہیلت ورکرس نے کورونا ویکسین کیلئے آن لائن اپنے نام رجسٹر کرائے ہیں۔ روزانہ ایک لاکھ افراد کو ٹیکہ اندازی سے آغاز کرتے ہوئے اسے 10 لاکھ تک پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق جنوری کے دوسرے ہفتہ میں ایسے افراد کی نشاندہی کی جائے گی جن کے لئے کورونا ویکسین کی ٹیکہ اندازی ضروری ہے۔ ویکسین کے تحفظ کیلئے کولڈ اسٹوریج تعمیر کئے جارہے ہیں۔ پرائمری ہیلت سنٹرس میں ٹیکہ اندازی کا انتظام رہے گا اور 4 ہفتے کے وقفہ سے 2 ڈوز دیئے جائیں گے۔ ریاست بھر میں 10 ہزار مراکز کے قیام کا منصوبہ ہے اور ابتدائی تین دنوں میں ہیلت ورکرس کو ٹیکہ اندازی کا کام مکمل ہوجائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ عوام کو ٹیکہ اندازی کیلئے آدھار یا کوئی اور سرکاری شناختی کارڈ کے طور پر پیش کرنا ہوگا۔ پیان کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس، ایمپلائمنٹ کارڈ، ووٹر آئی ڈی قابل قبول رہے گا۔ 50 سال سے زائد عمر کے افراد کی نشاندہی فہرست رائے دہندگان سے کی جائے گی۔ ہیلت کیر ورکرس کے بعد 50 سال سے زائد عمر کے افراد کی ٹیکہ اندازی کی جائے گی۔ اس کام میں ہیلت کے علاوہ دیگر محکمہ جات کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ بعض خانگی ہاسپٹلس نے ٹیکہ اندازی کی مہم میں حصہ لینے سے انکار کردیا ہے۔ اسی دوران حکومت نے ٹیکہ اندازی کے مراکز پر سخت سیکورٹی انتظامات کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت کے منصوبہ کے مطابق شہر اور اضلاع میں ٹریننگ یافتہ عملے کو ٹیکہ اندازی کیلئے استعمال کیا جائے گا۔