جاریہ سال کے اواخر میں سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ کا انتباہ
حیدرآباد۔16۔اکٹوبر(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں جنوری 2025 کے دوران درجہ حرارت 5تا6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا جائے گا! محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ انتباہ میں کہاگیا ہے کہ شہر حیدرآباد میں جہاں اب تک سب سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیاگیا تھا ابھی شروع ہونے والے موسم سرماہ کے اواخر میں 5تا6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔ ایل نینا کے موسمی اثرات کے سبب موسموں میں پیدا ہونے والی شدت کے متعلق محکمہ موسمیات سے تعلق رکھنے والے ماہرین موسمیات نے اس بات کا انتباہ دیا ہے کہ مانسون کے اختتام کے ساتھ شہر حیدرآباد میں شروع ہونے والی سردیوں میں زبردست شدت ریکارڈ کی جائے گی۔جنوری2022کی سردیوں میں شہر حیدرآباد میں 8 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیاگیا تھا ۔ ڈسمبر 2023 کے اواخر میں شہر کے نواحی علاقوں مولا علی اور راجندر میں درجہ حرارت 8.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا ۔ ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ جاریہ سال کے اواخر میں بھی سردی کی شدت میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا جبکہ آئندہ سال کے اوائل میں بھی دونوں شہروں کے علاوہ نواحی علاقوں اور مضافاتی علاقوں میں شدید سردی کی لہر ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے ۔ ماہ اکٹوبر کے اواخر میں دونوں شہروں میں سرد راتوں کا سلسلہ شروع ہوجائے گا اور آئندہ ماہ کے دوران دن کے اوقات میں بھی درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کئے جانے کاامکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں۔3