ڈسمبر میں 20 ہزار لیٹر پانی تک کے بلز وصول نہ کرنے عہدیداروں کو کے ٹی آر کی ہدایت
حیدرآباد : وزیربلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے کہا کہ نئے سال میں جنوری کے پہلے ہفتہ سے گریٹر حیدرآباد کے عوام کو مفت پینے کا پانی سربراہ کیا جائیگا ۔ کے ٹی آر نے آج مفت پانی سربراہی کا اجلاس منعقد کرکے جائزہ لیا۔ اجلاس میں چیف سکریٹری سومیش کمار کے علاوہ واٹر ورکس کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ جی ایچ ایم سی انتخابات کے دوران چیف منسٹر کے سی آر نے شہر کے عوام کو مفت پینے کا پانی سربراہ کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ وعدے کے مطابق ہر ماہ تمام شہریوں کو ماہانہ 20 ہزار لیٹر تک مفت پینے کا پانی سربراہ کیا جائے گا۔ وزیر موصوف نے کہا کہ چیف منسٹر نے ڈسمبر سے مفت پانی سربراہ کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ لہٰذا واٹر ورکس حکام ڈسمبر میں 20 ہزار لیٹر پانی استعمال کرنے والوں سے بلز وصول نہ کریں اور ساتھ ہی مفت پانی کی سربراہی کے تعلق سے اندرون 2 یا 3 دن رہنمایانہ خطوط تیار کرنے کی ہدایت دی۔ اجلاس میں شہر میں واٹر ورکس کی جانب سے سربراہ ہونے والے پانی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ گذشتہ چند برسوں سے شہر میں پانی سربراہی میں تبدیلی آئی ہے۔ تمام شہریوں کو پانی سربراہی میں مددملی ہے۔ جاریہ سال پانی کی سربراہ میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ گذشتہ 5 تا 6 سال سے بڑے پیمانے پر بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر توجہ دی جارہی ہے، جس سے یہ ممکن ہو پارہا ہے۔ موسم گرما میں پانی کی کوئی قلت نہیں ہوگی۔ گرما میں تمام شہریوں کو پینے کا اپنی سربراہ کرنے کی ابھی سے منصوبہ بندی تیار کی جارہی ہے۔
