قائدین اپنے گروپ کو تقویت دینے سرگرم ، کارکنوں کو پس و پیش ، ہائی کمان کی توجہ ضروری
جنگاؤں /18 جنوری (محمد جمال شریف کی رپورٹ ) جنگاؤں اسمبلی حلقہ کانگریس پارٹی کا گڑھ تھا جہاں کوئی دوسری سیاسی پارٹی دم نہیں ماسکتی تھی ۔ جنگاؤں کانگریس پارٹی سے کئی ایک قائدین ابھرے جس میں سابقہ مرکزی وزیر کمال الدین احمد مرحوم ، سابقہ ریاستی وزیر پنالہ لکشمیا جن کا تعلق کانگریس پارٹی سے تھا لیکن یہ دیکھا جارہا ہے کہ 9 سال کے طویل عرصہ سے کانگریس پارٹی دو اسمبلی الیکشن میں ناکامی اور شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ جس کی اہم وجہ مقامی کانگریس قائدین میں نااتفاقی ہے ۔ اسی وجہ سے کانگریس پارٹی جنگاؤں میں تین گروپ میں تقسیم ہوئی ۔ گروپ بندی کی وجہ سے کانگریس پارٹی کاخسارہ ہو رہا ہے ۔ سابقہ ریاستی وزیر سابقہ صدر پردیش تلنگانہ و سینئیر قائد پنالہ لکشمیا، سابقہ رکن اسمبلی و پی سی سی ممبر کے پرتاپ ریڈی ، صدر ضلع کانگریس پارٹی جنگاؤں جنگا راگھوا ریڈی نے اپنے اپنے کانگریس پارٹی کارکنوں کو اپنی طرف راغب کرکے الگ الگ گروپ بناکر کانگریس پارٹی کو کمزور کر رکھا ہے ۔ ان تین گروپ کے قائدین اپنے آپ کو بالا تر سمجھتے ہیں اور اپنے اپنے گروپ کو تقویت دینے کیلئے سرگرم ہیں ۔ایک گروپ سے دوسرے گروپ میں جانے کی اجازت نہیں ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ کانگریس پارٹی کو انتخابات میں منہ کی کھانی پڑ رہی ہے ۔ اگر ان میں اتحاد و اتفاق ہوتا تو جنگاؤں سے رکن اسمبلی کانگریس پارٹی کا کامیاب ہوتا اور کسی سیاسی پارٹی کو کامیابی ملنا مشکل ہوتا ۔ مذکورہ تین گروپس ایک پلیٹ فارم پر آجائیں تو کانگریس پارٹی نہ صرف طاقتور ہوسکتی ہے بلکہ اس کا مستقبل تابناک بھی ہوسکتا ہے ۔ جنگاؤں کی کانگریس پارٹی میں گروپ بندی کی وجہ سے کانگریس قائدین پس و پیش میں ہیں کس گروپ کا ساتھ دیں اور کس گروپ کی طرفداری کریں ۔ اس لئے کانگریس پارٹی دن بہ دن کمزور ہوتی چلی جارہی ہے ۔ کانگریس قائدین متحد ہوں تو ضرور جنگاؤں سے کانگریس پارٹی کا ایم ایل اے ہوگا ۔ کانگریس ورکرس اور قائدین ایک گروپ کے جلسہ میں جانے سے دوسرے گروپ کے قائد کو ناراضگی ہوتی ہے ۔ جنگاؤں کے کئی ایک قائدین یہ دیکھ کر خاموش بیٹھے ہوئے ہیں ۔ بڑے لیڈروں میں اتحاد نہ ہونے کی وجہ سے چھوٹے کانگریس ورکرس پریشان ہیں ۔ کانگریس پارٹی کے دہلی ہائی کمان اور ریاستی صدر تلنگانہ کانگریس پارٹی ریونت ریڈی سے جنگاؤں کے کانگریس قائدین نے اپیل کی کہ جنگاؤں کے تین گروپ کے لیڈرس کو متحد کرتے ہوئے گروپ بندی کو ختم کرنے کی طرف توجہ دیں اور گروپ بندی کو ختم کردیں اور مذکورہ تمام گروپ کو ایک پلیٹ فارم پر لائیں تو جنگاؤں میں کانگریس پارٹی کا مستقبل تابناک ہوسکتا ہے ۔ کانگریس پارٹی کی دوسری اہم وجہ یہ ہے کہ ہائی کمان کانگریس امیدوار کو ٹکٹ دینے میں تاخیر کردیتے ہیں جس کی وجہ سے تشہیر کیلئے وقت ناکافی ہوجاتا ہے ۔ اگر کانگریس امیدوار جنگاؤں کو انتخابات سے قبل ازوقت ٹکٹ کا اعلان کریں تو کانگریس پارٹی کو تقویت مل سکتی ہے اور کامیابی کے امکانات ہوتے ہیں ۔ کانگریس پارٹی کا کیڈر موجود ہے ۔مگر اختلافات کی و جہ سے اِدھر اُدھر ہوکر لوگ رہ گئے ہیں ۔ ہائی کمان جلد سے جلد تین گروپ کو متحد کریں۔