جنگاؤں ۔ 27 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جنگاؤں کے مرکزی مقام بس اسٹانڈ روڈ پر آج صبح کی اولین ساعتوں میں تین کپڑوں کی دکانات میں بھیانک آگ لگ گئی جس سے کروڑوں روپے مالیت کے کپڑوں کے نقصان کا تخمینہ ہے۔ آتشزدگی کا شکار دکانوں میں وجیا شاپنگ کلاتھ اسٹور، سری لکشمی کلاتھ اسٹور، ایس آر برادرس کلاتھ اسٹور شامل ہیں۔ عوام کی بڑی تعداد جمع ہوگئی اور فوری پولیس عملہ اور فائر بریگیڈ کو اطلاع دی۔ جنگاؤں ڈی سی پی راجا مہیندرا نائک اور اے سی بی جنگاؤں پارتا سارتھی اور فائر بریگیڈ، برقی کے عہدیداروں نے مقام واردات پہنچ کر آگ بجھانے کی دوپہر 2 بجے تک کوشش کرتے رہے اور اس بڑھتی ہوئی آگ پر قابو پالیا گیا۔ باوثوق ذرائع سے اطلاع ملی ہیکہ یہاں پر اے سی کا گیاس سلینڈر، سی سی کیمروں اور کمپیوٹرس کی شارٹ سرکٹ کی وجہ سے یہ آگ لگی ہے۔ جیسے ہی آگ لگنے کی اطلاع جنگاؤں شہر میں پھیل گئی تو دیکھتے ہی دیکھتے عوام کی بڑی تعداد ان دکانات کے پاس جمع ہوئی۔ تین دکانات جل کر خاکستر ہوگئے۔ ڈی سی پی جنگاؤں راجا مہیندرا نائک نے نمائندہ سیاست جمال شریف کو بتایا کہ ان دکانات کو آگ لگنے کی تحقیقات کی جائے گی اور اس کی وجہ سے کتنا نقصان ہوا اس سے بھی واقف کروایا جائے گا۔ پولیس اور فائر بریگیڈ کی چوکسی اور حرکت کی وجہ سے ان دکانات کی آگ پر قابو پالیا گیا ورنہ اس سے متصل اسٹیٹ بینک آف انڈیا ہے۔ اگرچہ آگ پر قابو نہ پایا جاتا تو بینک بھی جل کر خاکستر ہو جاتا اور شدید نقصان ہونے کے اندیشے تھے۔