حیدرآباد۔/30 جولائی، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کو جنگاؤں میں دورہ کے موقع پر لمباڑہ طبقہ کی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑا۔ لمباڑہ سنگھم کے قائدین نے بی جے پی رکن پارلیمنٹ ایس باپو راؤ کی پارٹی سے معطلی کا مطالبہ کرتے ہوئے کشن ریڈی کا گھیراؤ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ رکن پارلیمنٹ نے لمباڑہ طبقہ کے خلاف اہانت آمیز بیان دیا ہے۔ اچانک احتجاج سے کشن ریڈی بھی الجھن میں پڑ گئے اور انہوں نے احتجاجیوں کو تیقن دیا کہ اس معاملہ کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے احتجاجیوں سے یادداشت کو قبول کیا۔ کشن ریڈی نے کہا کہ رکن پارلیمنٹ کے ریمارکس ان کا نجی معاملہ ہے اور پارٹی سے اس بیان کا کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کارکنوں کی جانب سے بچاؤ اور امدادی کام میں حکام کی مدد کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے سیلاب کی صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کی ہیں۔