جنگاؤں۔/12 جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روز نامہ ’سیاست‘ و ایم ایل سی کل منعقد ہونے والے جنگاؤں ضلعی سطح کے عظیم الشان مسلم اقلیتی کنونشن میں بحیثیت مہمان خصوصی بروز ہفتہ بوقت 11 بجے دن بمقام وجیا اے سی فنکشن ہال جنگاؤں میں شرکت کریں گے۔آج کے نازک دور میں مسلمانوں کے حالات حاضرہ اور نوجوان نسل کو تعلیمی اور سیاسی ، سماجی میدان میں آگے لانے کیلئے جناب عامر علی خاں تلنگانہ بھر میں یہ کوشش کررہے ہیں اس کے علاوہ ایس سی اور ایس ٹی قائدین سے بھی علحدہ علحدہ ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل سے بھی واقفیت حاصل کررہے ہیں۔ اس ضمن میں یہ مسلم کنونشن منعقد کیا جارہا ہے۔ اس جلسہ کی صدارت مولانا حافظ محمد عبدالحفیظ قاسمی صدر جمعیۃ العلماء کریں گے۔ کنوینر پروگرام محمد جمال شریف ایڈوکیٹ صدر مسلم ڈیولپمنٹ کمیٹی جنگاؤں ضلع نے تمام مساجد کمیٹی کے صدور، معتمد اور کمیٹی کے ذمہ داران ، مسلم دانشور حضرات اور رضاکارانہ تنظیموں کے قائدین، مسلم نوجوان، مسلم اراکین بلدیہ، سابق اراکین بلدیہ مسلم، جمعیۃ الشباب کمیٹی کے صدر و اراکین، ٹی ایس میسا صدر و اراکین کے علاوہ مسلم سیاسی قائدین سے درخواست کی جاتی ہے کہ کثیر تعداد میں شرکت کرکے ضلعی سطح کے کنونشن کو کامیاب بنائیں۔ مسلم کنونشن کے اختتام کے بعد طعام کا اہتمام رہے گا۔