عوام میں خوف و دہشت، ہنگامی طبی خدمات، جوائنٹ کلکٹر نے متاثرین کی عیادت کی
جنگاؤں ۔ 17 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کلورین گیس کے اخراج سے جمعرات کی شب ضلع جنگاؤں مستقر پر بہت ہلچل مچ گئی۔ سدی پیٹ روڈ عدالت جنگاؤں کے آس پاس کے لوگ بہت پریشان ہوئے۔ عدالت کے پاس نئی تعمیر شدہ واٹر ٹینک او ایچ ایس آر ٹینک سے کلورین گیس کا اخراج ہوا جو تیزی سے پھیل گیا، جس کی وجہ سے سڑک پر موجود سینکڑوں لوگ اور گھروں میں موجود لوگ گیس کی وجہ سے کھانسی اور قئے سے شدید متاثر ہوکر بیمار ہوئے۔ انہیں جنگاؤں ایریا سرکاری دواخانہ میں شریک کرتے ہوئے ان کا علاج کیا گیا۔ عدالت کے ایریا اور گرنی گڈہ، آر اینڈ بی گیسٹ ہاوز کے مکانات کے لوگ بہت بیمار ہوئے۔ 100 سے زیادہ لوگ بیمار ہوئے۔ ان تمام لوگوں کو ہاسپٹل میں شریک کیا گیا۔ مقام حادثہ پر جنگاؤں جوائنٹ کلکٹر پرافل دیسائی اور تحصیلدار جنگاؤں نے پہنچ کر عیادت کی اور انہیں طبی سہولت فراہم کرنے کے لئے ڈاکٹروں کو ہدایت دی اور مریضوں سے ملاقات کی۔ ہنگامی طبی خدمات کے لئے ہلپ لائن نمبر 6304093907 پر ربط پیدا کرنے کا مشورہ دیا گیا۔