بھونگیر کے ریلوے اسٹیشنوں پر ایکسپریس ٹرینوں کے ہالٹ کا مطالبہ، جنرل منیجر سائوتھ سنٹرل ریلویز سے کانگریس رکن پارلیمنٹ کی ملاقات
حیدرآباد۔ 15 نومبر (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے آج جنرل منیجر سائوتھ سنٹرل ریلوے جی مالیا سے ملاقات کی اور اپنے انتخابی حلقہ کے زیر التوا مسائل کی یکسوئی پر نمائندگی کی۔ انہوں نے متحدہ نلگنڈہ ضلع میں بھونگیر پارلیمانی حلقہ کے ریلوے اسٹیشنوں پر اہم ٹرینوں کے ہالٹ کو یقینی بنانے کی اپیل کی تاکہ علاقے کے عوام کو آمد و رفت میں سہولت ہو۔ انہوں نے جنگائوں ریلوے اسٹیشن پر ایکسپریس ٹرینوں کو روکنے اور اسٹیشن پر سہولتوں کو بہتر بنانے کی درخواست کی۔ وینکٹ ریڈی نے بتایا کہ جنگائوں تلنگانہ کا نو قائم شدہ ضلع ہے اور طلبہ، ملازمین اور تاجرین کی کثیر تعداد روزانہ حیدرآباد کا سفر کرتی ہے۔ جنگائوں اور اطراف کے مواضعات سے تعلق رکھنے والے عوام ایکسپریس ٹرینوں کے ہالٹ کا مطالبہ کررہے ہیں۔ تاکہ سفر میں سہولت ہو۔ وینکٹ ریڈی نے ناندیڑ ایکسپریس، چارمینار سوپر فاسٹ ایکسپریس، این ایس ایل ایکسپریس کے جنگائوں میں ہالٹ کو یقینی بنانے کی درخواست کی۔ بھونگیر ریلوے اسٹیشن پر ساتاواہنا ایکسپریس، پدماوتی ایکسپریس، کونارک ایکسپریس اور مچھلی پٹنم ایکسپریس کے ہالٹ کی خواہش کی۔ وینکٹ ریڈی نے گھٹکیسر اور جنگائوں کے درمیان ایم ایم ٹی ایس کو توسیع دینے، بھونگیر ٹائون میں روڈ انڈر برج کی تعمیر اور ریلوے اسٹیشن پر مسافرین کی سہولت کے لیے انکوائری کائونٹر، واٹر پلانٹ اور کینٹین کی سہولتیں فراہم کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے آلیر ریلوے اسٹیشن پر کونارک ایکسپریس، سانسی ایکسپریس، ناگاولی ایکسپریس، ناندیڑ ایکسپریس، دکشن سوپر فاسٹ ایکسپریس، فلک نما سوپر فاسٹ ایکسپریس اور پدماوتی سوپر فاسٹ ایکسپریس کے ہالٹ کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے آلیر میں روڈ اوور برج کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے نلگنڈہ ٹائون میں ریلوے انڈر پاس کی تعمیر کے سلسلہ میں نمائندگی کی۔ وینکٹ ریڈی نے نلگنڈہ، یادادری اور دیگر ریلوے اسٹیشنوں میں بنیادی سہولتوں کو بہتر بنانے پر زور دیا تاکہ مسافرین کو سہولت ہو۔ سائوتھ سنٹرل ریلوے کے جنرل منیجر نے وینکٹ ریڈی کو یقین دلایا کہ وہ نمائندگیوں پر مثبت کارروائی کریں گے۔