ڈیویژن اور ضلع سطح پر عوامی نمائندوں کے ساتھ کمیٹیوں کی تشکیل کا فیصلہ
حیدرآباد۔/27اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں جنگلاتی اراضی کے تنازعات کے حل کیلئے درخواستوں کی وصولی کے مسئلہ پر چیف سکریٹری سومیش کمار نے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے 8 نومبر سے درخواستوں کی وصولی کی ہدایت دی ہے۔ چیف سکریٹری نے محکمہ جات جنگلات اور ریوینو کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں واضح کیا کہ جنگلاتی اراضیات پر حقوق کے بارے میں درخواستوں کی قبولیت سے قبل سرپنچ، پنچایت سکریٹری، عوامی نمائندوں اور دیگر ارکان پر مشتمل فاریسٹ رائیٹس کمیٹیاں تشکیل دی جائیں۔ یہ کمیٹیاں اپنے متعلقہ دیہات میں درخواستوں کی وصولی اور ان کی جانچ کا کام انجام دیں گی۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ جنگلاتی اراضیات پر غیر قانونی طور پر کاشت کرنے والے افراد کو اپنی تفصیلات پیش کرنی ہوگی۔ چیف سکریٹری نے ڈیویژن اور ضلع سطح کی کمیٹیوں کی تشکیل کا مشورہ دیا۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ جنگلاتی اراضیات کے تنازعات سے متعلق اضلاع میں خصوصی عہدیداروں کا تقرر کیا جائے اور درخواستوں کی یکسوئی میں مکمل شفافیت ہونی چاہیئے۔ جائزہ اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹری شانتی کماری، پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ آر شوبھا، سکریٹری ریوینو شیشادری، ایس ٹی ڈیولپمنٹ سکریٹری کرسٹینا، چیف منسٹر کے او ایس ڈی پرینکا ورگھیز اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔ر
