حیدرآباد ۔ 7۔نومبر (سیاست نیوز) سپریم کورٹ کی ہدایت پر تلنگانہ حکومت نے تمام اضلاع میں خصوصی تحقیقاتی ٹیموں کی تشکیل عمل میں لائی ہے تاکہ ریونیو ڈپارٹمنٹ کے تحت موجود جنگلاتی اراضی کو افراد یا کمپنیوں کو الاٹ کرنے کی جانچ کی جاسکے۔ قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جنگلاتی اراضی الاٹ کرنے کی شکایت پر سپریم کورٹ نے تحقیقات کی ہدایت دی ہے ۔ محکمہ جات ، ریونیو اور جنگلات کے درمیان اراضی کے مسئلہ پر طویل عرصہ سے تنازعہ کو ختم کرنے کیلئے سپریم کورٹ نے مساعی کی ہے۔ پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ سی سورنا کے مطابق تمام اضلاع میں خصوصی تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بعض افراد اور اداروں نے جنگلاتی اراضی پر غیر مجاز قبضہ کرلیا ہے جس کے نتیجہ میں دو محکمہ جات کے درمیان اراضی پر تنازعہ پیدا ہوا۔ بعض جنگلاتی اراضی قانونی طریقہ سے ریونیو ڈپارٹمنٹ کے حوالے کی گئی۔ محکمہ جنگلات کا کہنا ہے کہ خصوصی تحقیقاتی کمیٹیوں کی تشکیل سے نہ صرف اراضی تنازعہ کی یکسوئی ہوگی بلکہ اراضی کے حدود کا تعین ہوگا۔1