سارا اعزاز چیف منسٹر کے سی آر کے سر ، کے ٹی آر کا جواب ٹوئیٹ ، ہریتا ہرم پروگرام کا نتیجہ
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : عالمی ماہر ماحولیات ایرک سولھیم نے جنگلاتی توسیع کے معاملے میں ملک کے تمام میٹرو شہروں میں حیدرآباد سرفہرست ہونے کا ٹوئیٹ کرتے ہوئے حیدرآباد کے باشندوں کو مبارکباد پیش کی ۔ سال 2011-2021 کے درمیان 4866 ہیکڑس پر جنگلات کی توسیع ہوئی ہے ۔ ویلڈن تلنگانہ کہتے ہوئے ستائش کی ۔ عالمی ماہر ماحولیات کے ٹوئیٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے کہا کہ ہریتا ہرم کا سارا اعزاز چیف منسٹر کے سی آر کو جاتا ہے ۔ ریاست میں ہریتا ہرم پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے گرام پنچایتوں اور بلدیات کو گرین بجٹ کے تحت فنڈز مختص کئے جارہے ہیں ۔ ریاست میں بڑے پیمانے پر سبز و شاداب کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کرنے کا ٹوئیٹ کیا ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی خصوصی دلچسپی کے باعث ہریتا ہرم پروگرام کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔ اس پروگرام کی وجہ سے ریاست تلنگانہ میں 63,200 ہیکڑ اراضی پر جنگلات کی توسیع ہوئی ہے ۔ جنگلات کی توسیع کے معاملے میں تلنگانہ کو سارے ملک میں دوسرا مقام حاصل ہوا ہے ۔ ریاست میں 21.47 فیصد جنگلات ہیں جہاں تک میٹرو شہروں کا معاملہ حیدرآباد سارے ملک میں سرفہرست ہے ۔ 10 سال کے دوران شہر حیدرآباد میں 4866 ہیکڑ اراضی پر جنگلات کا پھیلاؤ ہوا ہے ۔ ملک بھر میں گذشتہ دو سال کے دوران 2261 کیلو میٹر جنگلات کی توسیع ہوئی ہے جس میں 632 کیلو میٹر توسیع تلنگانہ میں درج ہوئی ہے ۔ ملک میں توسیع کے معاملے میں مدھیہ پردیش اور فیصد کے معاملے میں میزورم میں سب سے زیادہ جنگلات ہیں ۔ فاریسٹ سروے آف انڈیا 2021 کی رپورٹ میں اس کا انکشاف ہوا ہے ۔۔ ن