جنگلاتی علاقوں سے قبائیلوں کو بھگانے کیلئے شیروں کو چھوڑا گیا

   


بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ایس باپو راؤ کا چیف منسٹر کے خلاف سنسنی خیز الزام
حیدرآباد : ۔بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ایس باپو راؤ نے چیف منسٹر کے سی آر کے خلاف سنسنی خیز ریمارکس کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ایک منظم سازش کے تحت جنگلاتی علاقوں سے قبائلی طبقہ کے عوام کو بیدخل کرنے کے لیے شیروں کو چھوڑا گیا ہے ۔ حالیہ دنوں میں بی جے پی کے قائدین سنسنی خیز ریمارکس کرتے ہوئے سستی شہرت حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ اسی پالیسی پر شہر حیدرآباد کے علاوہ اضلاع میں بھی عمل آوری کی جارہی ہے ۔ دوباک کے ضمنی انتخاب میں کامیابی اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں توقع سے زیادہ کامیابی حاصل کرنے کے بعد بی جے پی اسی فارمولے پر عمل کررہی ہے ۔ حلقہ لوک سبھا عادل آباد کی نمائندگی کرنے والے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ایس باپو راؤ نے چیف منسٹر کے سی آر کے خلاف تازہ ریمارکس کرتے ہوئے سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے ۔ انہوں نے چیف منسٹر اور ٹی آر ایس حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ مخالف قبائلی طبقہ پر عمل آوری کررہی ہے ۔ ان کے مسائل کو نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ ان کی حق تلفی کی جارہی ہے ۔ یہاں تک کہ قبائیلیوں کو جنگلاتی علاقوں سے دور کرنے کیلئے ریاست کے جنگلاتی علاقوں میں 14 تا 15 شیروں کو چھوڑا گیا ہے تاکہ قبائلی طبقات کو جنگلوں سے بھگایا جاسکے ۔ انہوں نے جنگلوں میں شیروں کی آزادانہ چہل پہل کیلئے حکومت کی سازش قرار دیا ہے اور کہا کہ حکومت مخالف قبائیلی طبقہ سے باز نہیں آتی تو مستقبل میں اس کو سنگین نتائج سے دوچار ہونا پڑے گا ۔۔