جنگلاتی علاقہ عادل آباد میں شدید سردی کی لہر جاری

   

2.7ڈگری تک درجہ حرارت، ’’ ہم نے ایسی سردی کبھی نہیں دیکھی ‘‘ ضعیفوں کا تاثر

نرمل۔/2جنوری، ( جلیل ازہر کی رپورٹ ) ریاست تلنگانہ میں شدید ترین سردی کی وجہ عجیب و غریب ماحول بنا ہوا ہے جبکہ متحدہ ضلع عادل آباد جو جنگلاتی علاقہ کے ساتھ ساتھ ہر علاقوںمیں بڑے بڑے تالابوں کی وجہ یہاں کا موسم اس قدر سرد ہے کہ عمر رسیدہ لوگ بھی یہ کہہ رہے ہیں کہ ہم نے کبھی ایسی سردی اپنی زندگی میں نہیں دیکھی۔ یقینا سردی کی شدت کا یہ عالم ہے کہ چائے پینے والوں کو یہ اندازہ نہیں ہورہا ہے کہ وہ گرم چائے پی رہے ہیں یا ٹھنڈا مشروب۔ اس لئے کہ اس ضلع میں سردی کے تعلق سے بہت کچھ سنتے آئے تھے لیکن آج متحدہ ضلع عادل آباد میں زبردست سردی کی لپیٹ میں آگیا ہے۔ ہر طرف گرم کپڑوں کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ ہے ، سڑک پر کوئی بھی شخص گرم کپڑوں کے بغیر دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ یہاں موصولہ اطلاع کے بموجب جنگلاتی علاقہ عادل آباد کے مستقر کے کچھ مقامات پر سردی کا یہ عالم ہے کہ درجہ حرارت 2.7 تک آگیا جبکہ مستقر نرمل میں سردی کی وجہ درجہ حرارت 5.5 تک پہنچا ہے۔صبح کے اوقات میں دس بجے دن تک بھی کوئی سڑکوں پر نہیں دکھائی دے رہا ہے۔ کئی لوگ شدید سردی کی وجہ حلق میں درد کی شکایت محسوس کرتے ہوئے ڈاکٹرس سے رجوع ہوتے دیکھے گئے ۔ ایسے ماحول میں بے گھر غریب عوام کی کیفیت کو محسوس کرتے ہوئے بھی دل کانپ اٹھتا ہے۔ ویسے کچھ تنظیمیں سردی میں پریشان غریب عوام میں بلانکٹس وغیرہ تقسیم کرتے ہوئے اب بھی مصروف ہیں۔