جنگلات کے ملازمین کوپولیس جیسی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ

   

کوٹہ: راجستھان میں ضلع کوٹہ کے سانگود اسمبلی حلقہ سے کانگریس کے سینئر ایم ایل اے اور راجستھان وائلڈ لائف بورڈ کے رکن بھرت سنگھ کندن پور نے احتجاج کرنے والے ملازمین جنگلات کو پولیس اہلکاروں کے برابر سہولیات، تنخواہ اور بھتے وغیرہ فراہم کرنے کی درخواست کی۔سنگھ نے آج وزیر اعلیٰ اور وائلڈ لائف بورڈ کے چیئرمین اشوک گہلوت کو بھیجے گئے خط میں کہا ہے کہ اس وقت ریاست کے جنگلاتی کارکن اپنے مطالبات کے لیے احتجاج کر رہے ہیں۔ یہ مطالبات جائز ہیں اور یہ انتہائی افسوسناک صورتحال ہے کہ جنگلات کے کارکنوں کو اپنے جائز مطالبات کے لیے بھی احتجاج کرنے کی نوبت آتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج کے ماحول میں ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کے لیے جنگلات کی اشد ضرورت ہے اور جنگلات کو بچانا ایک اہم کام ہے لیکن یہ کام شہر میں رہ کر نہیں ہو سکتا۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ جنگلاتی علاقے میں جنگلاتی اہلکار موجود ہوں۔ ایسے میں اگر احتجاج کرنے والے جنگلاتی کارکن اپنے مطالبات لے کر شہر کی سڑکوں پر آجاتے ہیں تو جنگلات کے تحفظ پر سوالیہ نشان اٹھتے ہیں، تو ان کے جائز مطالبات پر تسلیم کرتے ہوے انہیں جنگلات کے تحفظ کے کام پر تعینات کیا جانا چاہیے اورایسے حالات ہی پیدا نہ ہوں کہ ملازمین کو اپنے جائز مطالبات کے لیے احتجاج کرنا پڑے ۔