جنگلی ہاتھی فٹبال کھیلنے کیلئے آرمی میدان پہنچ گیا

   

گوہاٹی ۔یہ تو سبھی جانتے ہیں کہ ہاتھی فٹ بال کھیلتے ہیں اور حقیقت میں ایک جنگلی ہاتھی نے آسام کے مقام گوہاٹی میں ایک نارینگی آرمی کنٹونمنٹ علاقہ میں موجود فوجی کیمپ کے میدان میں فٹ بال کھیلنے والے میں مصروف افراد کو اس وقت حیران کردیا جب وہ جنگل سے نکل کر سڑک پر چلتے ہوئے میدان میں داخل ہوا۔اس بلند قامت،بھاری بھرکم ہاتھی نے مختصر طور پر تنہا فٹبال بھی کھیلا۔سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر وائرل ہونے والی اس ایک منٹ 38 سیکنڈ کے ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہیکہ یہ ہاتھی کھیل سے لطف اندوز ہونے سے قبل سڑک عبور کرکے انتہائی سکون کیساتھ میدان میں داخل ہورہاہے۔ مقامی افراد کے بموجب آسام میں ہاتھیوں کی بہت سی گزرگاہیں ہیں اور ہوسکتا ہے کہ یہ ہاتھی کھانے کی تلاش میں قریبی امچانگ وائلڈ لائف سینکچری سے آیا ہوگا۔ آسام میں جنگلی ہاتھیوں کے جھنڈ کو شاہراہوں پر بھٹکتے دیکھنا عام بات ہے۔اس بن بلائے بڑے مہمان کو میدان میں آتا دیکھ کر کھیل میں مصروف کھلاڑی میچ روک دیتے ہیں اورجنگلی ہاتھی سے خود کو بچانے کے لیے میدان سے دورہٹ جاتے ہیں۔ہاتھی اس فٹ بال گراونڈ میں داخل ہونے سے قبل سڑک کے کنارے فٹ پاتھ پر موجود مٹی کو اپنی سونڈ سے کھینچ کر اپنی پیٹھ پر انڈیل لیتا ہے۔کھلاڑیوں سے خالی ہوجانے والے اس گراونڈ میں پڑے ہوئے ایک فٹ بال سے یہ ہاتھی اپنے پچھلے پیروں سے دوبار ڈھکیل کر کھیلنے کی کوشش کرتا ہے۔ بعدازاں چہل قدمی والے انداز میں وہاں سے جاتے جاتے ہوئے یہ ہاتھی دومرتبہ اپنی سونڈھ اٹھاتا ہوا نظر آیا کہ جیسے اسے میدان میں آتا ہوا دیکھ کر دور ہٹ جانے والے کھلاڑیوں کوالوداع کہہ رہا ہو۔