لندن: پرتگال کے جنگل میں لگی آگ بے قابو ہوگئی،2 دن میں 6 ہزار7 سو ایکڑ رقبے کو جلا کر راکھ کردیا۔شدید گرمی کے باعث اتوار کو بھڑکنے والی آگ تیز ہوا کے باعث انتہائی تیزی سے پھیل گئی۔ دھویںکے سیاہ بادلوں نے سورج کی روشنی کو بھی دھندلا دیا۔ 14 سو افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا جبکہ 800 فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ حکام نے 120 مقامات پر مزید آگ بھڑک اٹھنے کا خدشہ ظاہر کردیا۔اتوار کے روز کینیڈا کے کئی طیاروں نے آگ پر پانی گرایا مگر وہ کارگر ثابت نہ ہوسکا۔آگ بجھانے کے عمل میں فائر فائٹرز کی 6 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جن میں 30 افسران اور 12 گاڑیاں شامل ہیں۔ٹاؤن کونسلر نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ فائر فائٹر افسران کی بڑی تعداد آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لے رہی ہے لیکن تاحال آگ پر قابو نہیں پایا جاسکا،ہوا اتنی شدت سے چل رہی ہے کہ آگ بجھانے میں کافی مشکلات آ رہی ہیں، توقع ہے کہ آنے والے دنوں میں ہوا کی شدت میں کمی آئے گی جس کے بعد آگ بجھانے کے عمل میں آسانی ہوگی۔