ملبورن ۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ کے نتیجہ میں اٹھنے والا دھواں اب سال کے پہلے ٹینس گرانڈ سلام ایونٹ پر بھی اثر انداز ہونے لگا ہے جس کے باعث ایونٹ کی پریکٹس اور کوالیفائنگ میچزکو ملتوی کردیا گیا۔کئی ماہ سے آسٹریلیا کے جنگلات میں لگی آگ کے باعث پھیلنے والی فضائی آلودگی پر کھلاڑیوں اور کوچز نے اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے جس کی وجہ سے لاکھوں ایکڑ جنگلات تباہ اور کروڑوں جانور لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ سال کا پہلا گرانڈ سلام آسٹریلین اوپن جنوری میں آسٹریلیا کے مشہور شہر میلبرن میں منعقد ہوتا ہے، اس شہر کو رہائش کے لیے دنیا کے بہترین شہروں میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے لیکن جنگلات میں لگنے والی آگ سے جہاں آسٹریلیا کے دیگر شہر متاثر ہوئے وہیں میلبورن بھی اس سے محفوظ نہ رہ سکا اور اس وقت وہاں آب و ہوا اس حد تک خراب ہو گئی ہے کہ اسے کائنات کے بدترین شہروں میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے اور حکام نے اسے صحت کے لیے خطرناک قرار دیا ہے۔ سٹی آف میلبورن کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام دیا گیا کہ شہری گھروں میں رہنے کی کوشش کریں، دروازے اورکھڑکیاں بند رکھیں اور پالتو جانوروں کو گھروں کے اندر رکھیں۔ میلبورن شہر پر مرتب ہونے والے یہ خراب اثرات آسٹریلین اوپن کو بھی متاثر کرنے لگے ہیں اور سلووینیا کی کوالیفائر دلیلا جکوپووک کو سانس لینے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا جس کے سبب وہ مقابلے سے دستبردار ہو گئیں لیکن یہ واضح نہیں ہو سکا کہ انہیں سانس لینے میں دشواری خراب آلودگی کے سبب ہوئی یا وجہ کچھ اور تھی۔ ٹینس حکام نے کہا ہے کہ آسٹریلین اوپن ملتوی ہونے کے امکانات انتہائی معدوم ہیں لیکن آب و ہوا کے معیار کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور کھلاڑیوں کی صحت کو محفوظ بنانے کے لیے امپائرز میچ روک سکتے ہیں۔ فضا کا معیار خراب ہونے کے باعث صبح پریکٹس کو وقتی طور پر منسوخ کردیا گیا تھا اور اب صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور ہم اس کا مستقل جائزہ لے رہے ہیں۔ شام میں عالمی نمبر ایک رافل نڈال کے ساتھ ڈیوڈ گوفن اور الیگزینڈر زیوریو نے میلبورن پارک کورٹ میں پریکٹس کی۔ تاہم سرینا ولیمز کے کوچ نے دھوایں سے بھرپور تصویر شائع کرتے ہوئے فضائی آلودگی پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ پہلے دن کوالیفائنگ راونڈ تو شروع ہو گئے لیکن یہ مقررہ وقت سے نسبتاً تاخیر سے شروع ہوئے تو جوکووچ کو شدید کھانسی کی شکایت ہوئی اور وہ سوئٹزرلینڈ کے اسٹیفنی ووئگیلی کے خلاف میچ سے سبکدوش ہو ئے۔