جنگی حکمت عملی کے کمانڈنگ آفیسر کادورہ سیاچن

,

   

سرینگر ۔ 5مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) فوج کی جنگی حکمت عملی کے شعبہ میں جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹننٹ جنرل وائی کے جوشی نے جموں و کشمیر کے لداخ میں سیاچن گلیئشیرس کے سرحدی مورچوں کا معائنہ کیا ، تاکہ وہاں کی تازہ ترین صورتحال اور اس سے نمٹنے کیلئے کی جانے والی تیاریوں کا برسرموقع جائزہ لیا جاسکے ۔ دفاع کے ایک ترجمان نے یہ اطلاع دیتے ہوئے مزید کہاکہ ’’ لیفٹننٹ جوشی نے 4مارچ 2019 کو سیاچن سیکٹر کے سرحدی مورچوں کا معائنہ کیا ۔ انہوں نے سیکورٹی کی صورتحال ، تیاری اور چوکسی کا جائزہ لیا ۔ سیاچن گلیئشیر دنیا کا بلند ترین میدان جنگ ہے جہاں متعین سپاہی انتہائی دشوارگذار اور شدید موسمی حالات میں سخت محنت و جانفشانی کے ساتھ ہندوستان کی سرحدوں کا تقدس برقرار رکھتے ہیں ۔ ترجمان نے کہا کہ ’’ لیفٹننٹ جوشی ‘‘ نے ان دشوارکن حالات میں بھی سپاہیوں کے حوصلے اور عزم کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی اور ہندوستانی فوج کے اعلیٰ ترین پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھنے کی تلقین کی ۔