واشنگٹن : امریکہ کے صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ امریکہ کی کوششوں سے غزہ میں جنگ بندی ممکن ہوئی۔ اپنے ایک بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ خوشی ہے 13 اسرائیلی رہا ہو کر اپنے عزیزوں کے پاس پہنچ گئے۔ ان کا کہنا ہے کہ کوشش تھی پہلے مرحلہ میں 50 سے زائد اسرائیلی رہا کرا لیے جائیں۔ امریکی صدر کا کہنا ہے کہ جمعہ کو رہا ہونے والے 13 اسرائیلی یرغمالیوں میں خواتین شامل ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ جنگ بندی کے لیے خطہ کے قائدین سے فون پر بات کی گئی، امریکہ جنگ بندی پر زور دیتا رہا تاکہ اسرائیلیوں کو رہا کرایا جا سکے۔ انہوں نے غزہ میں عارضی جنگ بندی میں توسیع کے امکان پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ اسرائیل اور فلسطین کے دو ریاستی حل پر کام کیا جائے۔ واضح رہے کہ غزہ میں 4 روزہ جنگ بندی کے بعد فلسطینی اور اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ حماس نے 13 اسرائیلی قیدیوں کے ساتھ ساتھ 10 تھائی اور ایک فلپائنی شہری کو بھی رہا کردیا ہے۔ قطری وزارت خارجہ اور ریڈ کراس نے غزہ سے 24 قیدیوں کو رفح بارڈر کے ذریعہ منتقل کرنے کی تصدیق کی۔ دوسری جانب فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی جیلوں سے 39 فلسطینی قیدیوں کو رہا کردیا گیا ہے۔