جنگ بندی کی امید کے باوجود اسرائیل کا بمباری میں اضافہ

   

غزہ : جبری بے دخلی کے تازہ احکامات میں اسرائیلی فوج نے 1لاکھ 70 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو جنوبی غزہ کے علاقوں خالی کرنے کا حکم دیا ہے ، غزہ میں جنگ بندی کی امید کے باوجود اسرائیلی حملے بھی بڑھتے جا رہے ہیں۔ اسرائیل نے کہا کہ دیر البلاح کے مشرقی حصے اور خان یونس شہر کے شمال میں ایک اور علاقے میں انتباہی پروازیں اور ٹیکسٹ پیغامات بھیجے گئے ہیں، جہاں لاکھوں افراد نے غزہ کے دیگر حصوں میں لڑائی سے پناہ مانگی ہے۔ اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ شہریوں کو پیشگی وارننگ جاری کی جا رہی ہے تاکہ شہری آبادی کو پہنچنے والے نقصان کو کم کیا جا سکے اور شہریوں کو جنگی زون سے دور جانے کے قابل بنایا جا سکے۔ اس حکم کے ساتھ بمباری کا ایک نیا سلسلہ بھی جاری کردیا ہے جس میں انخلاء کرنے والے شہریوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے دوسری جانب غزہ جنگ بندی کی بات چیت جاری ہے۔ ان واقعات سے لوگوں کو اب یہ احساس ہو گیا ہے کہ اسرائیلی فوج قابل بھروسہ نہیں ہے کیونکہ وہ انخلاء کے احکامات جاری کرنے کے فوراً بعد بمباری شروع کر دیتے ہیں اور نشانہ اسی راستے کو بناتے ہیں جہاں سے شہری سفر کررہے ہوں۔