تل ابیب : اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے امریکہ کے وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حماس نے امن میں خلل ڈالا اور اسرائیل پر حملہ کیا تو ہمارا جواب بہت پرزور ہو گا۔امریکی وزیر خارجہ نے اسرائیل کے دفاع کے حق کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ لڑائی کے دوران فلسطینی بڑے نقصان سے گزرے ہیں۔ لہٰذا، امید، احترام اور اعتماد کی بحالی کے لیے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔منگل کو یروشلم میں اسرائیل کے وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو سے ملاقات کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے، بلنکن نے کہا کہ جانی نقصان اکثر محض اعداد و شمار سمجھے جاتے ہیں۔ لیکن ہر نمبر کے پیچھے ایک انسان ہوتا ہے، ایک بیٹی، ایک بیٹا، ایک باپ، ایک ماں، نانا دادا اور ایک بہترین دوست ہوتا ہے۔بلنکن نے کہا کہ امریکہ غزہ میں تعمیر نو کے لیے ہر ممکن مدد کرے گا اور ساتھ ہی اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ حماس کے عسکریت پسندوں کو اس کا فائدہ نہ پہنچے۔
