جنگ بندی کے باوجود غزہ پر اسرائیلی حملے جاری،24 فلسطینی شہید

   

مختلف علاقے نشانہ ، دو نومولود بچے بھی جاں بحق ، عسکری رہنماؤں کو ہدف بنایا گیا : اسرائیل

غزہ سٹی : 5 فبروری ( ایجنسیز ) اسرائیلی فضائی حملوں میں غزہ کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 24 فلسطینی جاں بحق ہو گئے، جن میں دو نومولود بچے بھی شامل ہیں۔ غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق حملوں میں خواتین، بچوں اور ایک ڈیوٹی پر موجود طبی اہلکار کی بھی جان گئی۔اسرائیل کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں تین عسکری رہنماؤں کو ہدف بنایا گیا اور بعض کارروائیاں اس وقت کی گئیں جب غزہ میں موجود اس کے فوجیوں پر فائرنگ کی گئی، جس میں ایک اسرائیلی ریزرو فوجی شدید زخمی ہوا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق حملے فوری ردعمل کے طور پر کیے گئے۔غزہ کے شفا اسپتال کے حکام کے مطابق شمالی غزہ کے طفاح علاقے میں ایک عمارت پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے کم از کم 11 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں خواتین اور بچے شامل تھے۔ اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد ابو سلمیہ نے سیزفائر پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ زمینی صورتحال سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جنگ رکی نہیں ہے۔چہارشنبہ کے روز خان یونس کے المواسی علاقے میں ایک خیمے کو نشانہ بنائے جانے سے کم از کم تین افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ مقامی طبی ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک پیرا میڈک بھی شامل تھا۔اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس حملے میں حماس کے ایک کمانڈر کو نشانہ بنایا گیا اور شہریوں کو نقصان سے بچانے کی کوشش کی گئی۔