جنگ بندی کے بعد غزہ کیلئے پہلا امدادی بحری جہاز مصری بندرگاہ پر پہنچ گیا

   

قاہرہ : ترکیہ کے سرکاری عہدیدار اور مصری ذرائع کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے معاہدے کے موثر ہونے کے بعد غزہ امداد لے جانے والا پہلا ترک بحری جہاز مصر کی العریش بندرگاہ پر پہنچ گیا ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ترکی کے وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے ایکس پر پوسٹ میں لکھا کہ ’ہم غزہ کے بہن بھائیوں کے زخموں پر مرہم اور ان کے لیے عارضی پناہ گاہ کی ضرورتیں پوری کرنے جا رہے ہیں۔‘ترک وزیر داخلہ کے مطابق ’بحری جہاز پر آٹھ سو 71 ٹن امدادی سامان لدا ہوا ہے، جس میں 30 پاور جنریٹر بھی شامل ہیں۔‘اسی طرح 20 پورٹیبل ٹائلٹس، 10 ہزار 440 خیمے اور 14 ہزار 350 کمبل بھی جہاز میں موجود ہیں۔ غزہ کی پٹی سے 50 کلومیٹر کی دوری پر واقع پورٹ پر موجود ایک سورس کا کہنا ہے کہ مصر میں ریڈ کریسنٹ کی ٹیم نے ترکیہ سے آنے والا امدادی سامان وصول کیا اور ضروری کارروائی کے بعد ان کو غزہ بھجوانے کی کارروائی جاری ہے۔مصری ریڈ کریسنٹ کے عملے کے دو افراد نے بھی امدادی سامان پہنچنے کی تصدیق کی ہے۔