تل ابیب : عالمی رہنماؤں کی طرف سے سخت اپیل کے باوجود اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک اسرائیلی شہری پْر امن زندگی میں واپس نہیں آتے تب تک جنگ جاری رہے گی۔ منگل کو نیتن یاہو نے کہا کہ ’اسلامی جہاد‘ کو ایسی ضربیں لگی ہیں، جن کی وہ توقع نہیں کر رہے تھے۔ دریں اثناء روئٹرز کے ذرائع کے مطابق حماس اور اسلامی جواد نے کہا ہے کہ اْس کے کم از کم 20 جنگجو ہلاک ہو چْکے ہیں جبکہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ ان کی ہلاکتوں کی تعداد کم از کم 130 ہے۔ اْدھر غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اب تک فضائی حملوں میں کم از کم 217 فلسطینی ہلاک ہو چْکے ہیں جن میں 63 بچے بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 1500 سے زائد ہے۔