جنگ زدہ ممالک کی مدد نہیں کی تو کورونا متاثرین 1 ارب ہوجائیں گے

   

اقوام متحدہ ۔29 اپریل ۔( سیاست ڈاٹ کام ) بین الاقوامی ریسکیو کمیٹی (آئی آر سی) نے خبردار کیا ہے کہ اگر کمزور ممالک کی فوری مدد نہ کی گئی تو دنیا میں ایک ارب افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوسکتے ہیں۔بی بی سی کے مطابق آئی آر سی نے کہا کہ اس وائرس کے عالمی پھیلاؤ کو کم کرنے میں مالی اور انسانی امداد کی ضرورت ہے۔ادارے کے مطابق ’کمزور ممالک‘ جیسے افغانستان اور شام کو کسی بڑی وبا سے بچنے کے لیے ’فوری فنڈنگ‘ کی ضرورت ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ ابھی مختصر وقت بچا ہے اور اسی وقت میں مربوط ردعمل کی ضرورت ہے۔عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور امپیریل کالج لندن کے ماڈلز اور اعداد و شمار پر مبنی آئی آر سی کی رپورٹ میں پیشگوئی کی گئی کہ عالمی سطح پر 50 کروڑ سے ایک ارب کے درمیان افراد میں وائرس پھیل سکتا ہے۔اس میں یہ بھی کہا گیا کہ تنازعات سے متاثرہ اور غیر مستحکم ممالک کے درجنوں علاقوں میں 30 لاکھ سے زیادہ اموات ہوسکتی ہیں۔