پیرس ۔ 13 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) یوروپ اور امریکہ میں کوروناوائرس کی وباء سے بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہورہا ہے۔ اسی دوران ماہرین نے انتباہ دیا ہیکہ جنگ زدہ مملکت شام میں صورتحال انتہائی سنگین ہوسکتی ہیں جہاں دواخانوں میں مریضوں سے نمٹنے کیلئے نہ تو سہولتیں اور ادویات ہیں اور نہ ہی حفظان صحت کا ماحول ہے۔ حکومت شام نے کوروناوائرس کی وباء کے بعد اپنی تمام سرحدیں بند کردی ہیں جبکہ صوبوں کے درمیان ہی حمل و نقل کو روک دیا گیا ہے۔ وباء پر قابو پانے کیلئے اسکولس اور تجارتی اداروں کو بھی مسدود کردیا گیا۔ اگرچہ عہدیداروں کے مطابق اس وباء سے تاحال دو افراد کے فوت ہونے اور 19 مصدقہ مریضوں کی اطلاع ہے لیکن ملک میں روزانہ 100 افراد کی جانچ کی جارہی ہے۔ طبی عملہ کا کہنا ہیکہ اس وباء سے ملک میں زیادہ افراد فوت ہورہے ہیں لیکن سیکوریٹی ایجنسیوں کی جانب سے انہیں خاموش رہنے کا حکم دیا جارہا ہے۔ امدادی گروپس نے ملک کے موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے اس وباء کے خطرناک حد تک پھیلنے کا انتباہ دیا ہے۔