نیویارک : وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ خطے میں پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر امریکہ مشرق وسطیٰ سے اپنے شہریوں کے انخلا کے لیے ہنگامی منصوبہ بندی کی تیاری کر رہا ہے۔امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ فی الحال شہریوں کو خطے سے نکالنے کے لیے فعال کوششیں نہیں ہو رہی ہیں۔رواں مہینے امریکی حکومت نے شہریوں کو اسرائیل سے نکالنے کے لیے چارٹرڈ طیاروں کا انتظام کیا تھا۔امریکہ نے اسرائیل کو مشورہ دیا ہے کہ غزہ پر ممکنہ زمینی حملے کو ملتوی کرنا مددگار ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ امریکہ اور خطے کے دیگر شراکت دار حماس کی جانب سے یرغمال بنائے گئے اسرائیلی شہریوں کی رہائی کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔منگل کو غزہ میں بگڑتی ہوئی صورتحال پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور جو بائیڈن کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوئی تھی۔