نقصانات کی تلافی اور پمپ کا لائسنس منسوخ کرنے صارفین کا مطالبہ، زبردست ہنگامہ
نئی دہلی ۔5 ؍ اپریل (ایجنسیز) امریکہ۔ اسرائیل اور ایران جنگ کے درمیان دہلی سے ملحق گریٹرنوئیڈا میں موٹر سائیکل اور دیگر گاڑیوں میں پٹرول کی جگہ پانی ڈالے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہ واقعہ سیکٹر پی آئی 1 کے ایک پٹرول پمپ پر پیش آیا جہاں پر ہنگامہ کرنے والے صارفین کی گاڑیوں میں پٹرول کے بجائے پانی بھردیا گیاجس پر لوگوں نے جم کر ہنگامہ کیا۔ اب گاڑی مالکان نے نقصانات کی تلافی کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس نے سمجھا بجھا کر معاملہ ختم کرایا۔ اطلاعات کے مطابق ہفتے کو پٹرول پمپ سے تیل ڈلوانے کے بعد نکلے تقریباً 25 سے زائد گاڑیاں کچھ ہی دوری پر جاکر اچانک بند ہوگئیں جن میں کار، اسکوٹی اور موٹر سائیکل شامل تھیں۔ گاڑیوں کے بند ہونے پر میکینک بلائے گئے۔ جانچ کے بعد پتہ چلا کہ گاڑی کی ٹنکی پوری طرح پانی سے بھری ہوئی تھی۔ انہوں نے ثبوت کے طور پر بوتلوں اور بالٹیوں میں بھرا پانی ملا ہوا پٹرول دکھایا۔وہیں ہنگامے کی اطلاع ملنے پر پٹرول پمپ پرافراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔ وہیں پانی ملا تیل کا الزام لگاکر لوگوں نے کئی ویڈیو بنائے اورانہیں سوشل میڈیا پر وائرل کردیا۔ اس کے ساتھ ہی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران سے پٹرول پمپ کی جانچ کے بعد اس کا لائسنس منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ شکایت کی بنیاد پر انتظامیہ ضروری جانچ کررہی ہے۔