ویٹیکن سٹی : کیتھولک مسیحی لوگوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ پیغمبر سیدنا عیسیٰ علیہ السلام کے امن کے پیغام کو ان کی پیدائش کی سر زمین پر جنگ کی فضول منطق کے ذریعہ غرق کیا جا رہا ہے۔کرسمس کے موقع پر ویٹی کن کے سینٹ پیٹرز باسیلیکا میں منعقد اجتماع سے خطاب میں پوپ نے کہا کہ آج رات، ہمارے دل بیت اللحم میں ہیں، جہاں امن کے شہزادے کو ایک بار پھر جنگ کی فضول منطق، ہتھیاروں کے تصادم سے مسترد کر دیا گیا ہے۔پوپ فرانسس کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سات اکتوبر کے بعد سے جاری جنگ میں غزہ کے محصور علاقے میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا ریا ہے۔ادھر اسرائیل کے وزیرِ اعظم بنیامن نیتن یاہو نے اتوار کو خبردار کیا ہے کہ سات اکتوبر کو اسرائیل پر حملہ آور ہونے والی فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس کے خلاف جنگ طویل ہو گی۔کابینہ کے اجلاس میں نیتن یاہو کہا کہ یہ واضح رہے کہ یہ ایک طویل جنگ ہوگی۔جنگ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک حماس کا خاتمہ نہیں ہو جاتا اور اسرائیل کے شمال اور جنوب دونوں جانب سکیورٹی بحال نہ ہو جائے۔غزہ پر اسرائیلی حملوں کے جاری رہنے کے ساتھ ساتھ حماس کے زیرِ انتظام غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 166 سے زائد فلسطینیوں کی ہلاکت ہوئی ہے جس کے بعد فلسطینیوں کی مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 20 ہزار 424 ہوگئی ہے۔اسرائیل کا کہنا ہے کہ ہفتے کے ا?خر میں لڑائی میں ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد بڑھ کر 15 ہو گئی ہے جس کے بعد غزہ کی پٹی میں اسرائیل کی زمینی کارروائی شروع ہونے کے بعد ہلاک ہونے والے فوجیوں کی کل تعداد 161 تک پہنچ گئی ہے۔