غزہ :اسرائیل اور فلسطین تنازع کے آغاز کے بعد پہلی بین الاقوامی صحافی نے غزہ کا دورہ کیا ہے۔امریکی نیوز چینل سی این این کی رپورٹر نے غزہ میں اسرائیلی بربریت کا آنکھوں دیکھا حال بتایا ہے۔رپورٹر کلیریسا وارڈ متحدہ عرب امارات کی میڈیکل ٹیم کے ساتھ غزہ پہنچی ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ غزہ کی تباہی پریشان کن اور تکلیف دہ ہے، غزہ میں ہولناکیاں جاری ہیں۔ ہم تو بہت آرام دہ صورتحال میں ہیں۔امریکی رپورٹر نے کہا ہے کہ غزہ کے لوگوں کی تکلیفوں کا اندازہ لگانا بہت مشکل ہے۔ ہاسپٹلس بچوں اور خواتین سے بھرے ہیں اور یہاں داخل زخمیوں کے جسم بری طرح جھلسے ہوئے ہیں۔غزہ کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے امریکی خاتون رپورٹر کی آواز بھی بھر آئی۔امریکی خاتون رپورٹر نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہاسپٹل میں موجود چھوٹے اور یتیم بچوں کو یہ بھی معلوم نہیں کہ جنگ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک شدید زخمی بچہ ہاسپٹل پہنچایا گیا جس کی آدھی ٹانگ غائب تھی، زخمی بزرگ کو دیکھا جس کا پاؤں لٹک رہا تھا۔