جنگ کے اصول بدل گئے، حماس 50 سال تک پچھتائے گی: صہیونی وزیر دفاع

   

مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیلی چینل نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی ہلاکتوں کی تعداد 700 سے زیادہ ہو گئی ہے۔ٹائمز آف اسرائیل نے اطلاع دی ہے کہ وزیر دفاع یوو گیلانٹ نے جنوبی اسرائیل کے اوفاکیم قصبے کا دورہ کیا۔ اس قصبہ پر ایک روز قبل فلسطینیوں نے حملہ کیا تھا۔اسرائیلی وزیر دفاع نے اس موقع پر کہا کہ جنگ کے اصول بدل گئے ہیں۔ ہمارا جواب 50 سال تک فراموش نہیں کیا جا سکے گا۔گیلانٹ کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا غزہ کی پٹی میں اسرائیل کا ردعمل اگلے پچاس سالوں تک لوگوں کے ذہنوں میں تازہ رہے گا۔ حماس کو یہ لڑائی شروع کرنے پر پچھتاوا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگ کے اصول بدل چکے ہیں۔ غزہ کی پٹی جو قیمت ادا کرے گی وہ بہت زیادہ ہوگی۔یہ اس حقیقت کو نسلوں تک کیلئے بدل کر رکھ دے گی۔اخبار ’ٹائمز آف اسرائیل‘کے مطابق اسرائیل نے تصدیق کی ہے کہ غزہ میں کم از کم 100 اسرائیلیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ کی پٹی میں 170 تک اسرائیلیوں کو یرغمال بنایا جا چکا ہے۔ہفتہ کو شروع ہونے والی جنگ کے دو دنوں میں 700 سے زیادہ اسرائیلی ہلاک اور 2200 سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔