اگر معاملت نہ کی تو بہت دردناک ہوگا، ٹرمپ کا انتباہ۔ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل پر تنقید
تہران؍ واشنگٹن، 10 اپریل (یو این آئی) ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کا والد آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کے 40ویں روز پر اہم بیان سامنے آگیا۔ مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے بیان میں کہا کہ جنگ سے متعلق اہم مسائل آئندہ چند گھنٹے میں شائع کیے جائیں گے ، عوام کی موجودگی اسی طرح رہنی چاہیے جیسے 40 دنوں سے جاری ہے ، ایرانی عوام میدان جنگ کے حقیقی فاتح ہیں۔ ایرانی سپریم لیڈر نے واضح کیا کہ ایران جنگ کا خواہاں نہیں ہے لیکن وہ اپنے حقوق سے دستبردار بھی نہیں ہوگا، ہم ہر نقصان کا ازالہ طلب کریں گے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آبنائے ہرمز کے انتظام کے حوالے سے نیا طریقہ کار اختیار کریں گے ۔ایرانی سپریم لیڈر نے خلیجی اور عرب ممالک کے نام پیغام میں کہا کہ جو کچھ آپ دیکھ رہے ہیں وہ کسی معجزے سے کم نہیں ہے ، جنوبی پڑوسی ان معاملات کو درست طریقے سے سمجھیں۔ انہوں نے پیغام میں کہا کہ اپنے آپ کو سچائی کے ساتھ جوڑیں، شیطانی قوتوں کے فریب دینے والے وعدوں پر اعتبار نہ کریں۔ دریں اثناء امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے ڈیل نہ کی تو یہ ان کے لیے بہت دردناک ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے امریکی ٹی وی کو دیے گئے ایک خصوصی ٹیلی فونک انٹرویو میں تصدیق کی ہے کہ نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں ایک اہم امریکی وفد پاکستان جارہا ہے ۔ ایران کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ امن معاہدے کیلئے بہت پرامیدہوں، ایرانی رہنما میڈیا میں جو بھی کہیں، لیکن میٹنگز اور مذاکرات کے دوران ان کا رویہ مثبت ہوتا ہے ، ایران ان تمام نکات سے اتفاق کر رہا ہے جن پر اتفاق ہونا چاہیے ۔تاہم، صدر نے سخت لہجہ اپناتے ہوئے خبردار کیا کہ یاد رکھیں ایران کو فتح کرلیا گیا ہے ،ان کے پاس کوئی ملٹری نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر ایران نے ڈیل نہ کی تو یہ ان کے لیے “بہت دردناک” ثابت ہوگا۔ صدر ٹرمپ نے مشرقِ وسطیٰ کے حوالے سے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو سے گزشتہ روز ان کی گفتگو ہوئی ہے ، نیتن یاہو لبنان میں جاری فوجی آپریشن کو روکنے اور حملوں میں نمایاں کمی لانے پر تیار ہوگئے ہیں۔امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وال اسٹریٹ جرنل غلطی کرنے میں ہمیشہ جلدی کرتا ہے ، ٹرمپ نے امریکی اخبار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وال اسٹریٹ جرنل کا ایڈیٹوریل بورڈ دنیا کا بدترین اور سے سب سے زیادہ غلط ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وال اسٹریٹ جرنل نے رپورٹ کیا “ٹرمپ نے ایران میں قبل از وقت فتح کا اعلان کیا”۔ درحقیقت ایران کے خلاف ہم نے کامیابی حاصل کی ہے ۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم نے فتح حاصل کی ہے ، اس میں کچھ بھی قبل ازوقت نہیں، میری وجہ سے ایران کے پاس کبھی جوہری ہتھیار نہیں ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد آپ دیکھیں گے ایران کی مدد یا اس کے بغیر تیل کی ترسیل شروع ہوجائیگی، ایران کی مدد ہو یا نہ ہو اس سے کوئی فرق نہیں پڑیگا۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ وال اسٹریٹ جرنل کو ہمیشہ کی طرٖح اپنے الفاظ واپس لینے پڑیں گے ، امریکی اخبار کبھی یہ نہیں مانتا کہ وہ غلط ہیں۔I/H