جنگ ہوئی تو اسرائیل کو ایرانی حملے کا سامنا ہو گا:حسن نصر اللہ

   

Ferty9 Clinic

تہران ۔ 13 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) لبنانی عسکری و سیاسی تنظیم حزب اللہ کے رہنما حسن نصر اللہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران اور امریکہ کے مابین جنگ ہوئی تو اسرائیل بھی اس کی زد میں آ جائے گا۔ ایران نواز اس شیعہ تنظیم کے رہنما کے مطابق تہران حکومت کے پاس صلاحیت ہے کہ وہ اسرائیل کو بمباری کا نشانہ بنا سکتی ہے۔ نصراللہ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب امریکہ اور ایران کے مابین کشیدگی میں بہت زیادہ اضافہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات بھی اس جنگ کے حق میں نہیں ہیں۔

روسی میزائلوں کے پرزوں کی پہلی کھیپ ترکی پہنچ گئی
انقرہ۔ 13 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) ترک وزارت دفاع کے مطابق روس سے ایس 400 میزائل دفاعی نظام کی وصولی کا آغاز ہوگیا ہے ،پرزوں کی پہلی کھیپ جمعے کو انقرہ کے ایک ایئر بیس پر پہنچ گئی ہے۔ ترکی اور روس کے درمیان میزائل ڈیل سے امریکہ سخت ناراض ہے جبکہ فوجی اتحاد نیٹو کو بھی تحفظات ہیں جو ترکی کو اپنا ممبر قرار دیتا ہے۔نیٹو کا کہنا ہے کہ S-400 میزائل نظام نیٹو کے ہتھیاروں کے سسٹمز سے مطابقت نہیں رکھتا۔