مدہول میں سماعت قرآن برائے خواتین ، محترمہ نجمہ بیگم اور دیگر کا خطاب
مدہول3/اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ماہ رمضان مغفرت کا مہینہ ہے قرآن کے نزول کا مہینہ ہے اس ماہ مبارک میں ایک رات ہزار مہینوں سے افضل ہے ان خیالات کا اظہار محترمہ نجمہ بیگم ضلعی ناظمہ شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند نرمل نے جی ایم گارڈن فنکشن ہال مدہول میں سماعت قرآن کے اختتامی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ جو خواتین مرکز اسلامی پر سماعت قرآن میں شرکت کرتے ہوئے مستفید ہوئیں قابل مبارکباد ہیں۔ بہت سے مسلمانوں نے قرآن سمجھنا اور اس پر عمل کرنا چھوڑ دیا جس کے سبب پریشانیوں میں مبتلا ہورہے ہیں لیکن پھر بھی قرآن کو پڑھنے کی سمجھنے کی کوشش نہیں کررہے ہیں جن لوگوں نے قرآن کو تھام لیاان کی زندگیوں میں انقلاب آیا ۔ انہوں نے کہاکہ مسلمان خواتیں کو فلسطینی بہنوں کی طرح ایمان میں مضبوط ہونا چاہئے اور اقامت دین کے کاموں میں حصہ لینا چاہے جو انبیا علیہ السلام کا مشن تھا وہی ہمارا مقصد ہونا چاہیے اس موقع پر محترمہ نجمہ سلطانہ مقامی ناظمہ شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند مدہول نے کہاکہ رمضان کامہینہ تربیت کا مہینہ ہے اس ماہ میں روزے اور نماز زکوۃ نوافل عبادت کے ذریعہ ایک ماہ ہماری تربیت ہوتی ہے تاکہ باقی گیارہ ماہ بھی تقوی کی زندگی گزار سکیں لیکن بہت سے مسلمان رمضان کے ختم ہوتے ہی نمازوں کو چھوڑ دیتے ہیں پھر اپنی روش پر چلتے ہیں ان کی مثال ایسی ہے کہ پیٹ بھر کھانا کھاکر قے کردیا اور کہتا ہیکہ میرے جسم میں توانائی حاصل نہیں ہورہی ہے تو کوئی بھی کہے گا کہ تونے کھانا کھا کر قے کردی پھر توانائی کیسے حاصل ہوگی اسی طرح ایک ماہ روزے عبادات کی لیکن رمضان ختم ہوتے ہی عمل کرنا چھوڑ دیا تو تقوی کیسے پیدا ہوگا باقی گیارہ ماہ میں تقوی وپرہیز گاری کی زندگی گذارنے کی تلقین کی ضلعی ناظمہ کی دعا پر پروگرام کا اختتام عمل میں آیا پروگرام میں خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔