16 ستمبر کو میناکشی نٹراجن حیدرآباد پہنچیں گی، شیڈول کو قطعیت
حیدرآباد۔ 13 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے زیر اہتمام منعقد کئے جانے والے جنہیتا پدیاترا دوبارہ شروع ہونے والا ہے۔ 16 ستمبر کو تلنگانہ امور کی انچارج میناکشی نٹراجن حیدرآباد کو پہنچیں گی جس کے بعد جنہیتا پدیاترا پروگرام کے تعلق سے شیڈول تیار کیا جائے گا۔ بتایا جارہا ہے کہ اس مرتبہ اضلاع نلگنڈہ اور محبوب نگر میں یہ پدیاترا جاری رہے گی۔ اس کے لئے تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔ دونوں اضلاع کے کانگریس صدور کے علاوہ پارٹی کے دوسرے قائدین کو پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے خصوصی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ 16 ستمبر کو حیدرآباد پہنچنے والی میناکشی نٹراجن تقریباً ایک ہفتہ ریاست میں قیام کریں گی اور وہ خود بھی جنہیتا پدیاترا میں حصہ لیں گی۔ اس ایک ہفتہ کے دوران میناکشی نٹراجن کانگریس پارٹی کی دیہی علاقوں سے استحکام کے علاوہ دیگر امور پر توجہ دے گی بالخصوص نامزد عہدوں پر تقررات کے علاوہ دیہی علاقوں سے ڈسٹرکٹ سطح تک کانگریس کی تنظیمی کمیٹیوں کی تشکیل پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ یہ بھی پتہ چلا ہے کہ اپنے قیام کے دوران میناکشی نٹراجن چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گی۔ جوبلی ہلز کے ضمنی انتخابات کے پیش نظر کانگریس پارٹی آئندہ ہفتہ ایک اہم اجلاس منعقد کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ کانگریس پارٹی نے ضمنی انتخابات میں کامیابی کے لئے زور و شور سے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ 3 وزراء کو اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کا انچارج بنایا گیا ہے ساتھ ہی 18 کارپوریشن کے چیرمینس کو ان کے ساتھ تعاون کرنے کی ذمہ داری گئی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ ریاستی وزراء کی جانب سے بڑے پیمانے پر ترقیاتی کاموں کے سنگ بنیاد رکھنے کے علاوہ حلقہ کے عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور ساتھ ہی حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز میں ایک جلسہ عام منعقد کرنے کی بھی تیاری کی جارہی ہے جس میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کے علاوہ پارٹی کے دیگر اہم قائدین شرکت کریں گے۔ میناکشی نٹراجن اپنے دورہ حیدرآباد کے دوران پارٹی کے قائدین سے جوبلی ہلز کے انتخابی تیاریوں کا بھی جائزہ لیں گی۔ 2