جنید قتل کیس ‘ پولیس نے ملزمین کو حراست میں لے لیا

   

حیدرآباد۔ 4 ڈسمبر (سیاست نیوز) رین بازار پولیس حدود میں پیش آئے جنید باہرموس نامی نوجوان کے سنسنی خیز قتل میں پولیس نے 5 سے زائد خاطیوں کی نشاندہی کی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ مقتول جنید کا قتل رحمت نگر میں ملگیوں کی خرید و فروخت کے مسئلہ پر کیا گیا۔ عمر بن حمزہ، علی بن حمزہ، فہیم غوری، فیصل بن محمد اور دیگر کے ملوث ہونے کا پتہ چلا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ فاروق نامی شخص نے دو ملگیاں خریدی تھیں جس کی اطلاع مسعود نے عمر بن حمزہ اور علی بن حمزہ کو دی۔ عمر بن حمزہ اور علی بن حمزہ جو حمزہ بن عمر ظفر پہلوان کے بیٹے ہیں نے فاروق سے غیرمجاز رقم کا مطالبہ کیا جس پر جنید نے مداخلت کی اور پر بات چیت کیلئے دونوں گروپس کی چھوٹا پل پر ملاقات ہوئی۔ اس پر اچانک جھگڑا ہوگیا ۔ خاطیوں کی پولیس نے نشاندہی کے بعد انہیں حراست میں لے لیا جبکہ عمر بن حمزہ جو مقتول سے جھگڑے میں زخمی ہوگیا ہے، کو خانگی دواخانہ میں شریک کیا گیا ۔ پولیس نے رات دیر گئے مسعود کو بھی حراست میں لے لیاجبکہ آج جنید کی تدفین چنے کی بھٹی کے قریب واقع قبرستان میں عمل میں آئی جس میں عوام کی کثیر تعداد شریک رہی ۔ ب
تین مار ملنا کے دفتر کے بعد نوجوان کا اقدام خود سوزی ‘ حالت تشویشناک
حیدرآباد : /4 ڈسمبر (سیاست نیوز) ایم ایل سی چنتاپنڈو نوین عرف تین مار ملنا کے دفتر کے قریب آج اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک نوجوان نے خود سوزی کی کوشش کی ۔ تفصیلات کے مطابق ایک نوجوان جس کی شناخت سائی کی حیثیت سے کی گئی ہے آج شام تین مار ملنا کے دفتر پہنچ کر بی سی طبقہ سے ناانصافیوں پر نمائندگی کے ارادہ سے آیا تھا ۔ لیکن تین مار ملنا دفتر میں نہ ہونے پر وہ دلبرداشتہ ہوگیا اور پٹرول خود پر چھڑک کر آگ لگالی ۔ اس پر افراتفری کا ماحول پھیل گیا اور سائی کو جھلستا دیکھ کر اسے بچانے کی کوشش کی ۔ شدید جھلسنے والے سائی کو فوری گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ۔ نوجوان نے بتایا کہ بی سی طبقہ کے حق میں یہ اقدام کیا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے اور مجسٹریٹ کے روبرو اس کا بیان قلمبند کیا گیا ۔ ب