حیدرآباد۔/13 ستمبر، ( سیاست نیوز)حیدرآباد کے امریکی کونسلیٹ جنرل نے نئی کونسل جنرل جنیفر لارسن کا خیرمقدم کیا ہے جو سابق میں یو ایس کونسلیٹ جنرل ممبئی میں ڈپٹی پرنسپل آفیسر اور ہندوستان میں کارگذار ڈپٹی اسسٹنٹ سکریٹری کے عہدوں پر فائز رہ چکی ہیں۔ جنیفر لارسن نے پیر کے دن حیدرآباد کے امریکی کونسلیٹ میں اپنے عہدہ کی ذمہ داری سنبھالی۔ انہوں نے کہا کہ وہ حیدرآباد میں اپنی نئی ذمہ داری سنبھالتے ہوئے کافی خوش ہیں۔ میں گذشتہ پانچ برسوں میں ہند۔ امریکی تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے ممبئی اور واشنگٹن سے خدمات انجام دے چکی ہوں۔ اب مجھے یہ اعزاز حاصل ہوا ہے کہ اپنی شراکت کو تلنگانہ، آندھرا پردیش اور اوڈیشہ میں توسیع دیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی مشترکہ فوجی مشقوں اور تجارتی معاہدات کے علاوہ اعلی تعلیم اور ثقافت کے باہمی تبادلہ میں مزید بہتری کی مساعی کی جائے گی۔ جنیفر لارسن نے کہا کہ ہندوستان اور امریکہ کے تعلقات دن بہ دن مزید مستحکم اور گہرے ہوئے ہیں۔ کونسل جنرل کو سفارتی اُمور کا 19 سالہ تجربہ ہے۔ انہوں نے حال ہی میں ڈپٹی اسسٹنٹ سکریٹری برائے ہندوستان کے کارگذار عہدہ کی ذمہ داری نبھائی ہے جہاں انہوں نے اسسٹنٹ سکریٹری آف اسٹیٹ برائے بیورو آف ساؤتھ اینڈ سنٹرل ایشین افیرس کے کام میں اعانت کی۔ انہوں نے ہندوستان اور امریکہ کے درمیان پالیسی کی تیاری اور عمل آوری میں تعاون کیا۔ انہوں نے انڈین اسکول آف بزنس حیدرآباد میں جاریہ سال مارچ کے دوران مابعد کوویڈ 19 ورلڈ آرڈر کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کیا۔ جنیفر لارسن نے حال ہی میں 2016 تا 2020 یو ایس کونسلیٹ جنرل ممبئی میں ڈپٹی پرنسپل آفیسر کے عہدہ پر خدمات انجام دیں جو کونسلیٹ کا دوسرا سب سے بڑا عہدہ ہے۔ وہ بیورو آف نیر ایسٹرن افیرس واشنگٹن ڈی سی میں ترجمان رہ چکی ہیں۔ر