جن دھن کھاتہ داروں کو گھر تک بینکنگ کی سہولت

   

اندرون پانچ کیلومیٹر تمام سہولتوں کی فراہمی ، مرکزی حکومت سے اقدامات
حیدرآباد۔24نومبر(سیاست نیوز) جن دھن کھاتوں کے سلسلہ میں مرکزی حکومت کی جانب سے جلد ہی جن دھن 3.0 منصوبہ کا اعلان کیا جائے گا اوران کھاتوں کے رکھنے والوں کو گھر تک بینکنگ کی سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ حکومت کی جانب سے تیار کئے جانے والے منصوبہ کے تحت ملک بھر میں جن دھن کھاتہ رکھنے والوں اندرون 5کیلو میٹر بینک کاری کی تمام سہولتوں کی فراہمی بالخصوص آن لائن قرض کی درخواستوں کے ادخال‘ وظیفہ کی اسکیمات ‘ زرعی قرض کا حصول‘ ایم ایس ایم ای کے علاوہ دیگر اسکیمات کو شہریوں تک پہنچانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق مرکزی حکومت نے جن دھن کھاتوں کے ذریعہ اٹل پینشن یوجنا‘ اسٹینڈ اپ انڈیا‘ پی ایم سوا ندھی کے علاوہ دیگر اسکیمات کو مربوط کرتے ہوئے گھر تک بینک کاری نظام متعارف کروانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔جن دھن کھاتوں کو سکنیہ سمردھی یوجنا سے بھی مربوط کیا جاسکے گا اور ان کھاتوں کو آن لائن استعمال کرنے کے قابل بنانے کے علاوہ 5کیلو میٹر کے دائرہ میں موجود مرکز کے ذریعہ شخصی طور پر استعمال کرنے کی اجازت حاصل ہوگی اور ان مراکز کے ذریعہ حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی اسکیمات کے متعلق جن دھن کھاتہ رکھنے والے کھاتہ داروں میں شعور بیدار کیا جائے گا۔م