’جن سوراج انتخاب ہاری نہیں بلکہ اُسے منظم طور پر کچلا گیا‘

   

بہار میں عوام کا ووٹ خریدا گیا، اب حکومت اپنی من مانی کرے گی: پرشانت کشور

بیتیا (بھتیہروا)، 21 نومبر (یواین آئی) جن سوراج پارٹی کے بانی پرشانت کشور نے جمعہ کو کہا کہ ان کی پارٹی انتخاب ہاری نہیں ہے بلکہ اس کی سوچ کو نظام نے ایک منظم طریقے سے کچلنے کی کوشش کی ہے ۔ کشور نے آج مغربی چمپارن ضلع کے بھتیہروا واقع گاندھی آشرم میں اپنا ایک روزہ اُپواس توڑا۔ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ جن سوراج کو انتخاب میں ضرور شکست دی گئی ہے ، لیکن بہار میں تبدیلی کی اس کی سوچ جوں کی توں برقرار ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اگلے جنوری ماہ تک ان کی پارٹی خود احتسابی کے مرحلے سے گزرے گی اور اس کے بعد آئندہ حکمت عملی طے کی جائے گی۔ جن سوراج کے بانی نے کہا کہ نئی حکومت آ گئی ہے ، لیکن بہار میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار اگرچہ ذاتی طور پر ایماندار شخص ہیں، لیکن ان کی کابینہ میں وہی پرانے بدعنوان لوگ دوبارہ واپس آگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہار انتخابات کے دوران طرح طرح کے ہتھکنڈے اپنائے گئے ، عوام کا ووٹ خریدا گیا اور اب یہ حکومت من مانی طریقے سے چلے گی۔ کشور نے کہا کہ بہار کے ووٹر کے ساتھ دھوکہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بہار حکومت کے خزانے میں پیسے نہیں تھے ، ایسی صورت میں ورلڈ بینک سے ترقیاتی اسکیموں کے نام پر لیے گئے پیسے کا غلط استعمال کرتے ہوئے خواتین ووٹرز کے کھاتوں میں دس ہزار روپے بھیجے گئے۔ اتنا ہی نہیں، حکومت بننے کے بعد انہیں دو لاکھ روپے اور دینے کا وعدہ بھی کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جن سوراج کی اس بات کے سلسلے میں مہم جاری رہے گی کہ حکومت اپنے وعدے کو پورا کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی سے آئندہ ڈیڑھ سال تک جن سوراج کے کارکن بہار کے ایک لاکھ 18 ہزار وارڈوں اور تمام بلاکوں میں جا کر ان ایک کروڑ 40 لاکھ جیویکا گروپ کی دیدیوں سے ملاقات کریں گے ۔ جن کے کھاتے میں دس ہزار روپے بھیجے گئے ہیں اور ایسے مستفیدین کو دو لاکھ روپے کے اگلے وعدے کی یاد بھی دلائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی کم از کم ایک بار تمام بلاکوں کا دورہ کریں گے اور یہ یقینی بنائیں گے کہ حکومت کو اس کے وعدے یاد دلانے کا پروگرام بہتر طریقے سے چلتا رہے ۔