پٹنہ، 5 نومبر (یواین آئی) بہار اسمبلی انتخابات سے ٹھیک ایک روز قبل مونگیر اسمبلی حلقے میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ جن سوراج پارٹی کے امیدوار سنجے کمار سنگھ نے چہارشنبہ کو ایک غیر متوقع قدم اٹھاتے ہوئے بی جے پی میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے یہ قدم این ڈی اے امیدوار کمار پرنئے کی موجودگی میں اٹھایا اور باقاعدہ طور پر بی جے پی کی رکنیت اختیار کی۔ اس سیاسی پیش رفت سے مونگیر کے انتخابی منظر نامے میں اہم تبدیلی آنے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سنجے کمار سنگھ اب بی جے پی امیدوار کمار پرنئے کے حق میں سرگرم انتخابی مہم چلائیں گے۔ بی جے پی امیدوار کمار پرنئے نے سنجے کمار سنگھ کے پارٹی میں شامل ہونے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ سنجے جی کے جڑنے سے بی جے پی کی تنظیم مزید مضبوط ہوگی۔ ہمیں یقین ہے کہ مونگیر کی عوام این ڈی اے کو بھاری اکثریت سے کامیابی دلائے گی۔ انتخابات سے عین قبل ہونے والے اس سیاسی اتار چڑھاؤ نے مونگیر کی سیاست میں ہلچل مچادی ہے ۔
